امریکا: شہریوں کا انوکھا احتجاج، مجسمہ کھِسکانے کے لیے پارک میں جمع

کلاؤڈ گیٹ نامی مجسمے کو دھکا دینے کی مہم سوشل میڈیا اور شہر بھر میں لگائے گئے پوسٹرز کے ذریعے چلائی گئی تھی


ویب ڈیسک November 11, 2026

امریکی شہر شکاگو کے ملینیم پارک میں سیکڑوں افراد مشہور مجسمے دی بین کو سات انچ بائیں جانب کھِسکانے کے لیے جمع ہوگئے۔

کلاؤڈ گیٹ کے نام سے معروف اس مجسمے کو دھکا دینے کی مہم سوشل میڈیا اور شہر بھر میں لگائے گئے پوسٹرز کے ذریعے چلائی گئی تھی۔

منتظمین نے اتوار کو دوپہر 12 بج کر 47 منٹ پر مجسمے کو پہلا دھکا دینے کا وقت مقرر کیا تھا۔

اس دلچسپ مہم کے پیچھے ایک مزاحیہ دعویٰ تھا کہ مجسمے کے اندر ایک شخص پھنسا ہوا ہے اور اسے باہر نکالنے کے لیے مجسمے کو سات انچ بائیں جانب منتقل کرنا ضروری ہے۔

منتظمین کے مطابق مجسمے کے دائیں جانب ایک خفیہ دروازہ موجود ہو سکتا ہے جس تک رسائی کے لیے اسے کھسکانا ہوگا۔

مہم کے منتظمین نے مزاحیہ انداز میں یہ بھی کہا کہ اندر پھنسے شخص کو اچار اور دیگر ضروری اشیا فراہم کی جائیں گی۔

شکاگو کے معروف پروموٹر ٹیلر بینیٹ نے اجتماع کی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے اس مہم کی کامیابی کا اعلان بھی کیا۔

یہ عجیب و غریب مہم 2025 میں بھی اسی مجسمے کے حوالے سے ہونے والے احتجاج اور حالیہ یوٹیوب طنزیہ دستاویزی فلم کے بعد ایک بار پھر توجہ کا مرکز بن گئی۔