ایران پر اقتصادی پابندیوں، ناکہ بندی کے ہوتے ہوئے بڑی کارروائیوں کی ضرورت نہیں، مارکو روبیو

امریکی سیکریٹری اسٹیٹ نے کہا کہ ایران کے خلاف امریکی پابندیاں اور بحری ناکہ بندی کے مؤثر نتائج ہیں


ویب ڈیسک November 10, 2026
فوٹو: رائٹرز

امریکا کے سیکریٹری اسٹیٹ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ امریکی معاشی پابندیاں اور بحری ناکہ بندی کے نتائج بہت اچھے ہیں ایسے میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ایران کے خلاف بڑی کارروائی کی ضرورت نہیں ہے۔

غیرملکی خبرایجنسی کے مطابق امریکی سیکریٹری اسٹیٹ مارکو روبیو نے پیرس میں جی7 اتحادیوں کے دو روزہ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں اس مؤقف کو بار بار مسترد کیا کہ فوجی کارروائی دوبارہ شروع نہ کرنے کا مطلب تعطل یا موجودہ صورت حال کو برقرار رکھنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ جی7 اتحادیوں کو آگاہ کیا ہے کہ امریکی اقتصادی پابندیاں اور بحری ناکہ بندی بہت مؤثر ثابت ہو رہی ہے، اس لیے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ایران کے خلاف بڑے آپریشن کی ضرورت نہیں ہے۔

رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا گیا کہ امریکا کے نائب صدر جے ڈی وینس ایران کے ساتھ معاہدہ کرنا چاہتے ہیں جبکہ ٹرمپ کے چند اعلیٰ مشیر بھی ایران پر حملوں کے بجائے اقتصادی دباؤ برقرار رکھنے کے حامی ہیں لیکن ٹرمپ اس نتیجے پر پہنچ چکے ہیں اب قابل عمل معاہدہ ممکن نہیں ہے۔

وائٹ ہاؤس نے اس حوالے سے تردید یا تصدیق نہیں کی۔

قبل ازیں ٹرمپ نے حالیہ وسط مدتی انتخابات میں ری پبلکنز کی شکست کی ایک وجہ ایران جنگ کو بھی قرار دیا تھا جبکہ ان کی دو سالہ مدت کے خاتمے کے بعد ان کے ممکنہ جانشین تصور کیے جانے والے نائب صدر جے ڈی وینس نے واشگاف الفاظ میں کہا تھا کہ ہماری شکست وجہ جنگ ہے۔

واضح رہے کہ ایرن کے خلاف امریکا کی معاشی پابندیاں دہائیوں سے جاری ہیں، جن میں سے اکثر ملک کے تیل کا سرمایہ محدود کرنے، اسلحے کے حصول اور معاشی اداروں کو محدود کرنے جیسے مقاصد شامل ہیں۔