راولپنڈی:
ربیعہ احسن قتل کیس میں پولیس نے وفاقی وزیر سے رابطے اور چیٹ سمیت دیگر معلومات حاصل کرلیں۔
اینکر پرسن ربیعہ احسن کے قتل کی تفتیش جاری ہے، جس میں پولیس ان کے شوہر ملزم احسن کو پولی گرافک ٹیسٹ کے لیے لاہور لے گئی جبکہ مقتولہ کے 3 موبائل فونز کا بھی فرانزک کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق راولپنڈی پولیس کی ٹیم ملزم احسن کو لے کر پولی گرافک ٹیسٹ کے لیے لاہور روانہ ہو گئی، پولیس ٹیم جائے وقوع اور پوسٹ مارٹم سے حاصل ہونے والے سیمپلز بھی ساتھ لے کر گئی ہے۔ سیمپلز کے پارسل پنجاب فرانزک سائنس لیبارٹری میں جمع کروائے جائیں گے جبکہ لاہور میں ملزم احسن کا ڈی این اے ٹیسٹ بھی کروایا جائے گا۔
پولیس ذرائع کے مطابق اینکر پرسن ربیعہ کے 3 موبائل فونز کا بھی فرانزک کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ربیعہ کے تینوں موبائلز پر کسی بھی قسم کا پاس ورڈ یا کوڈ نہیں تھا، جبکہ موبائل فونز کا ابتدائی تجزیہ مکمل کرلیا گیا ہے۔ ربیعہ اور ان کے شوہر کے درمیان چیٹ بھی حاصل کرلی گئی ہے۔
پولیس ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ دونوں میاں بیوی کی چیٹ میں کسی بھی قسم کا تنازع نہیں ملا۔ ربیعہ کے موبائل فونز کے ابتدائی تجزیے سے بھی کسی تنازع کے ثبوت نہیں ملے۔ جیل ذرائع کے مطابق ربیعہ بطور صحافی اہم شخصیات سے رابطے میں رہتی تھیں۔
ذرائع کے مطابق ربیعہ کی ایک وفاقی وزیر سے رابطہ اور چیٹ بھی حاصل کرلی گئی ہے۔ ربیعہ کے تینوں موبائل فونز کے فرانزک کے بعد مفصل رپورٹ چالان کا حصہ بنائی جائے گی۔