راولپنڈی:
اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے جڑواں شہروں میں منشیات کے بین الاقوامی نیٹ ورک کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 20 نائیجیرین اسمگلرز کو گرفتار کرلیا۔
اے این ایف کے مطابق اسلام آباد اور راولپنڈی میں انٹیلی جنس بنیادوں پر مربوط کارروائیاں کی گئیں جس میں مجموعی طور پر 4 کلو 432 گرام منشیات برآمد کی گئی۔ برآمد شدہ منشیات میں ایک کلو 682 گرام کوکین، 2 کلو آئس اور 750 گرام ویڈ شامل ہے۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق گرفتار ملزمان جڑواں شہروں میں نوجوانوں، خصوصاً تعلیمی اداروں کے طلباء کو منشیات فروخت کرنے والے منظم نیٹ ورک کا حصہ تھے۔ ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ گرفتار نائیجیرین ملزمان میں سے 2 پہلے ہی منشیات کے مقدمے میں ضمانت پر تھے۔
اے این ایف نے منشیات کے بین الاقوامی نیٹ ورک کی مسلسل خفیہ نگرانی کے بعد کامیاب کارروائیاں کیں۔ گرفتار ملزمان کے سہولت کاروں، منشیات کی فراہمی کے ذرائع اور مالی معاونت کرنے والے عناصر کی نشاندہی کے لیے تحقیقات کا دائرہ وسیع کردیا گیا ہے۔
تعلیمی اداروں اور نوجوانوں تک منشیات پہنچانے والے ممکنہ مقامی و بین الاقوامی روابط کی بھی چھان بین جاری ہے۔