کراچی:
سٹی کورٹ میں سینیئر سول جج غربی کی عدالت نے اورنگی ٹاؤن میں دو ایکڑ سے زائد اراضی پر مبینہ قبضے اور غیر قانونی تجارتی لیز جاری کرنے کے معاملے پر حکومت سندھ، کے ایم سی اور کے ڈی اے سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 23 نومبر تک جواب طلب کرلیا۔
پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی نے اپنے وکیل عثمان فاروق ایڈووکیٹ کے توسط سے درخواست دائر کی، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ مذکورہ پلاٹ 1968 میں فلاحی مقاصد کے لیے 99 سالہ لیز پر الاٹ کیا گیا تھا، جس کی لیز دستاویز 1980 میں رجسٹرڈ ہوئی، جبکہ 2011 میں دستاویز میں موجود غلطی کی تصحیح کرکے کے ایم سی نے خود لیز کی مدت 99 سال کر دی تھی۔
درخواست گزار کے وکیل عثمان فاروق ایڈووکیٹ کے مطابق پلاٹ پر گزشتہ کئی دہائیوں سے ڈسپنسری، ویکسینیشن سینٹر، جنرل وارڈ اور ہنگامی امدادی سامان کا گودام قائم ہے، جہاں غریب اور مستحق افراد کو طبی اور فلاحی سہولتیں فراہم کی جاتی ہیں۔ تاہم مذکورہ اراضی پر قبضہ مافیا نے مبینہ طور پر 94 سے 100 دکانیں تعمیر کرلیں، جسے متعلقہ محکمے کی پشت پناہی بھی حاصل رہی۔
درخواست میں مزید مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ کے ایم سی حکام نے پہلے سے فلاحی مقاصد کے لیے لیز شدہ پلاٹ کے بعض حصوں کی تجارتی لیز بھی مختلف افراد کے نام جاری کر دی۔ درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ سوسائٹی کے نام جاری 99 سالہ لیز کو قانونی قرار دیا جائے اور کے ایم سی کے متنازع خط اور اشتہار کو غیر قانونی قرار دے کر منسوخ کیا جائے۔
درخواست میں قبضہ مافیا کے نام جاری کردہ تجارتی لیزیں منسوخ کرنے، متعلقہ حکام کو پلاٹ کی حیثیت تبدیل کرنے یا کسی تیسرے فریق کے حقوق پیدا کرنے سے روکنے کی بھی استدعا کی گئی ہے۔ پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی نے مقدمے کے حتمی فیصلے تک عبوری حکم امتناع جاری کرنے کی درخواست بھی کی ہے۔
عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 23 نومبر تک جواب طلب کرلیا۔