کراچی:
وزیر جامعات سندھ محمد اسماعیل راہو نے جامعہ کراچی میں KSP پالیسی کے خلاف طلبہ کے احتجاج کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو مسائل فوری حل کرنے کی ہدایت کردی۔
صوبائی وزیر نے سیکریٹری جامعات سندھ غلام عباس بلوچ اور وائس چانسلر جامعہ کراچی سے رابطہ کیا اور طلبہ کے مسائل فوری حل کرنے کی ہدایت کی۔ محمد اسماعیل راہو نے سیکریٹری جامعات سندھ محمد عباس بلوچ اور وائس چانسلر کو طلبہ کے تحفظات اور مسائل کا فوری جائزہ لے کر ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کا کہا۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ طلبہ کے جائز مسائل کا حل حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ تعلیمی سرگرمیوں کا تسلسل برقرار رکھنے اور طلبہ کے لیے سازگار تعلیمی ماحول یقینی بنانے کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ داخلہ پالیسی کے معاملے میں کسی بھی طالب علم کے ساتھ ناانصافی نہیں ہونی چاہیے، تمام طلبہ کو میرٹ اور شفافیت کی بنیاد پر یکساں مواقع فراہم کیے جائیں۔