ایرانی صدر مسعود پزشکیان موسمیاتی کانفرنس کوپ 31 میں شرکت کے لیے ترکیہ پہنچ گئے

کانفرنس کے موقع پر پزشکیان شریک ممالک کے رہنماؤں اور اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں اور تبادلہ خیال بھی کریں گے


ویب ڈیسک November 11, 2026

انطالیہ: ایرانی صدر مسعود پزشکیان بدھ کو اقوام متحدہ کی موسمیاتی کانفرنس کوپ 31 میں شرکت کے لیے ترکیہ پہنچ گئے۔

انہوں نے کہا ہے کہ کانفرنس کے دوران امریکا اور اسرائیل کی کارروائیوں کے نتیجے میں ماحول کو پہنچنے والے نقصان کا معاملہ اٹھائیں گے۔

ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ارنا کے مطابق مسعود پزشکیان بدھ کو ترکیہ کے شہر انطالیہ پہنچے، جہاں وہ اقوام متحدہ کی 31ویں موسمیاتی تبدیلی کانفرنس میں شرکت کریں گے۔

ایرانی خبر رساں ایجنسی کے مطابق کانفرنس کے موقع پر پزشکیان شریک ممالک کے رہنماؤں اور اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں اور تبادلہ خیال بھی کریں گے۔

ان ملاقاتوں میں علاقائی صورت حال اور باہمی تعلقات سمیت مختلف امور زیرِ بحث آنے کی توقع ہے۔

تہران سے روانگی سے قبل ایرانی صدر نے کہا تھا کہ کانفرنس کے دوران امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ماحول کو تباہ کرنے والی کارروائیوں پر گفتگو کی جائے گی۔

پزشکیان کے مطابق ایران اس عالمی فورم کو ماحولیاتی نقصانات اور خطے کو درپیش مسائل کی جانب عالمی برادری کی توجہ مبذول کرانے کے لیے استعمال کرے گا۔