فلوریڈا: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے 10 ارب ڈالر ہرجانے کے ہتکِ عزت مقدمے میں بی بی سی کو ابتدائی قانونی مرحلے پر دھچکا لگا ہے.
فلوریڈا کی وفاقی عدالت نے برطانوی نشریاتی ادارے کی مقدمہ خارج کرنے کی درخواست مسترد کرتے ہوئے کیس کو مزید کارروائی کے لیے برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وفاقی جج جیفری کنٹز نے قرار دیا کہ ٹرمپ کی جانب سے ہتکِ عزت کے الزامات اس مرحلے پر مقدمے کو آگے بڑھانے کے لیے کافی ہیں۔ تاہم عدالت نے فلوریڈا کے غیرمنصفانہ تجارتی طریقوں سے متعلق قانون کے تحت دائر ٹرمپ کا ایک علیحدہ دعویٰ مسترد کردیا۔
ٹرمپ نے بی بی سی کے خلاف یہ مقدمہ ایک دستاویزی پروگرام میں ان کی تقریر کی ایڈیٹنگ کے معاملے پر دائر کیا تھا۔ پروگرام میں 6 جنوری 2021 کو کیپیٹل ہل پر حملے سے قبل کی گئی ان کی تقریر کے دو مختلف حصوں کو جوڑ کر نشر کیا گیا تھا۔
ٹرمپ کا الزام ہے کہ بی بی سی نے تقریر کو دانستہ طور پر اس انداز میں ایڈٹ کیا جس سے یہ تاثر پیدا ہوا کہ انہوں نے اپنے حامیوں کو براہِ راست تشدد پر اُکسایا تھا۔
بی بی سی اس نشریاتی غلطی پر پہلے ہی معذرت کرچکا ہے اور تسلیم کرچکا ہے کہ پروگرام سے یہ غلط تاثر پیدا ہوا کہ ٹرمپ نے تشدد کی براہِ راست اپیل کی تھی۔
عدالت میں بی بی سی نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ متنازع پروگرام ہتکِ عزت کے قانونی معیار پر پورا نہیں اترتا۔ ادارے کا یہ بھی کہنا تھا کہ پروگرام امریکا میں نشر یا دستیاب نہیں تھا، اس لیے مقدمہ خارج کیا جانا چاہیے۔
تاہم جج جیفری کنٹز نے بی بی سی کی اس درخواست سے اتفاق نہیں کیا۔ اپنے فیصلے میں انہوں نے واضح کیا کہ فی الحال عدالت صرف یہ طے کر رہی ہے کہ مقدمہ آگے بڑھنے کے قابل ہے یا نہیں۔ اس مرحلے پر یہ فیصلہ نہیں کیا گیا کہ ٹرمپ اپنے الزامات ثابت کر پائیں گے یا انہیں ہرجانے کا حق حاصل ہوگا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر عدالتی فیصلے کو اپنی بڑی فتح قرار دیا۔
دوسری جانب بی بی سی کے ترجمان نے کہا کہ ادارہ فیصلے پر حیران ہے، تاہم وہ عدالت کے اختیار کا احترام کرتا ہے اور قانونی کارروائی کے دوران اپنا دفاع جاری رکھے گا۔
مقدمے کے دوران ٹرمپ کے وکلا یہ بھی تسلیم کرچکے ہیں کہ ان کے پاس اس بات کا کوئی ثبوت نہیں کہ متنازع دستاویزی فلم امریکا میں بی بی سی کی مختلف سروسز کے ذریعے دستیاب تھی۔
بعد ازاں ٹرمپ نے بی بی سی کے کمرشل ونگ ’بی بی سی اسٹوڈیوز‘ کو بھی مقدمے سے خارج کرنے پر رضامندی ظاہر کردی تھی۔ بی بی سی اسٹوڈیوز کا مؤقف تھا کہ دستاویزی فلم کی تیاری یا پروڈکشن میں اس کا کوئی کردار نہیں تھا۔