گھر میں ناپسندیدہ مہمان گھس آیا؛ موقع پر پولیس کو بزرگ جوڑے اور ملزم کی لاشیں ملیں

ملزم کی عمر بھی 71 سال تھی اور تاحال اس کے مقتولین سے رشتہ واضح نہیں ہوسکا


ویب ڈیسک November 11, 2026
امریکا میں 71 سالہ ملزم نے اپنے ہم عمر جوڑے کو موت کے گھاٹ اتار دیا (فوٹو: امریکی پولیس)

امریکی ریاست اوہائیو میں ایک گھر میں ناپسندیدہ مہمان کی موجودگی کی اطلاع پر پہنچنے والی پولیس کو اندر 3 افراد کی لاشیں مل گئیں جن کی عمریں 71 سال تھیں۔

امریکی نشریاتی ادارے اے بی سی نیوز کے مطابق واقعہ کلیولینڈ کے نواحی علاقے نارتھ رائلٹن میں پیش آیا جہاں منگل 10 نومبر کی رات پڑوسیوں نے گھر سے شور شرابے کی آوازیں سننے کے بعد پولیس کو اطلاع دی تھی۔

پولیس کو گھر میں ایک ناپسندیدہ مہمان کی موجودگی کی اطلاع بھی موصول ہوئی تھی اور جب اہلکار رات تقریباً آٹھ بجے جائے وقوعہ پر پہنچے تو گھر کے اندربزرگ جوڑے کی لاشیں ملیں۔

اسی دوران پولیس کو گھر کے باہر کھڑی ایک گاڑی نظر آئی جسے مبینہ طور پر ناپسندیدہ مہمان سے منسوب کیا گیا۔ اہلکاروں نے احتیاطاً گھر سے پیچھے ہٹ کر اضافی نفری طلب کرلی۔

خصوصی دستے نے بعد ازاں گھر میں داخل ہوکر تیسرے شخص کی لاش بھی برآمد کرلی مرنے والوں کی شناخت ایمیلیا سیورٹان، سورین سیورٹان اور اسٹیفن پاسکو کے نام سے کی ہے۔

پولیس نے بتایا کہ اسٹیفن پاسکو ہی وہ شخص تھا جسے ابتدائی اطلاع میں ناپسندیدہ مہمان قرار دیا گیا تھا۔ تاحال ہلاکتوں کی وجہ ظاہر نہیں کی اور تینوں افراد کے درمیان تعلق کی بھی تحقیقات جاری ہیں۔

اوہائیو بیورو آف کریمنل انویسٹی گیشن بھی تفتیش میں معاونت کررہا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ اب محفوظ ہے اور عوام کو کوئی خطرہ نہیں۔ ​​​​​