بنگلا دیش میں 11 سالہ طالبہ کو زیادتی کا نشانہ بنانے اور اسے حاملہ کرنے کے جرم میں عدالت نے مدرسے کے استاد کو سزائے موت سنا دی۔
بنگلا دیشی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ نومبر 2025 کو ضلع نیٹروکونا کے علاقے مدن میں پیش آیا جہاں مدرسے کے استاد اور منتظم امان اللہ محمودی عرف ساگر نے اپنی 11 سالہ طالبہ کو مدرسے میں زیادتی کا نشانہ بنایا اور کسی کو بتانے پر قتل کی دھمکی دی۔
بچی خوف کے باعث خاموش رہی اور اس نے واقعے کے بعد مدرسے جانا بھی چھوڑ دیا تھا بعدازاں اہل خانہ کو اس کی جسمانی حالت میں تبدیلی محسوس ہوئی۔ اپریل 2026 میں طبی معائنے کے دوران بچی کے حاملہ ہونے کا انکشاف ہوا۔
جس پر متاثرہ بچی کی والدہ نے 23 اپریل کو پولیس میں مقدمہ درج کرایا۔ ملزم کو 6 مئی کو گرفتار کیا گیا جبکہ 2 جولائی کو متاثرہ بچی نے ایک بیٹی کو بھی جنم دیا۔
عدالت کے حکم پر نومولود اور ملزم کے ڈی این اے نمونے حاصل کیے گئے۔ فرانزک رپورٹ میں دونوں کے ڈی این اے کا 99.99 فیصد مماثلت سامنے آئی۔
خواتین و بچوں کے خلاف جرائم کی روک تھام کی عدالت نے مدرسے کے استاد امان اللہ محمودی کو سزائے موت اور ایک لاکھ ٹکا جرمانے کی سزا دی۔
عدالت نے یہ بھی حکم دیا کہ نومولود کو ملزم کی اولاد کے طور پر رجسٹر کیا جائے اور بچی کی پرورش و فلاح کے اخراجات ریاست برداشت کرے جن کی رقم بعدازاں مجرم سے وصول کی جاسکتی ہے۔