آئی فون ایئر 2 اور آئی فون 18 کے ڈیزائن لیک، دو نئے کیمروں سمیت کئی تبدیلیوں کا امکان

سوشل میڈیا پر جاری ہونے والی تصاویر اور ویڈیو میں دونوں فونز کے ڈمی ماڈلز دکھائے گئے ہیں


ویب ڈیسک November 12, 2026

ایپل کے آئندہ اسمارٹ فونز آئی فون ایئر 2 اور معیاری آئی فون 18 کے حوالے سے نئی تفصیلات سامنے آئی ہیں۔ سوشل میڈیا پر جاری ہونے والی تصاویر اور ویڈیو میں دونوں فونز کے ڈمی ماڈلز دکھائے گئے ہیں، جن سے ان کے ممکنہ ڈیزائن اور بعض نمایاں تبدیلیوں کا اندازہ لگایا جارہا ہے۔ تاہم کمپنی نے ابھی تک ان فونز کی باضابطہ تفصیلات جاری نہیں کیں۔

ایکس پر شیئر کی گئی تصاویر میں دونوں فونز کے دھاتی ڈمی یونٹ دکھائی دیتے ہیں۔ ان کے ڈیزائن پہلے سامنے آنے والی لیکس سے بھی مطابقت رکھتے ہیں۔ آئی فون ایئر 2 کے ڈمی ماڈل سے ظاہر ہوتا ہے کہ ایپل اس فون کو اپنے پہلے ماڈل کی طرح انتہائی پتلا رکھنا چاہتا ہے۔ اس کے فرنٹ ڈسپلے میں کسی بڑی تبدیلی کا امکان نہیں، تاہم پچھلے حصے میں کیمرا سیٹ اپ نیا ہوسکتا ہے۔

ابتدائی آئی فون ایئر میں پچھلی جانب صرف ایک 48 میگا پکسل کیمرا دیا گیا تھا، لیکن نئی اطلاعات کے مطابق آئی فون ایئر 2 میں دو کیمرے ہوں گے۔ اس کا مرکزی کیمرا 48 میگا پکسل کا برقرار رہنے کا امکان ہے، جبکہ اس کے ساتھ 48 میگا پکسل کا الٹرا وائیڈ کیمرا بھی شامل کیا جاسکتا ہے۔ اس کے علاوہ کیمرا ماڈیول پہلے کے مقابلے میں قدرے موٹا ہوسکتا ہے۔

فون کی بیٹری میں بھی بہتری متوقع ہے۔ پہلے آئی فون ایئر میں 3149 ایم اے ایچ کی بیٹری دی گئی تھی، جبکہ نئے ماڈل میں اس سے زیادہ گنجائش کی بیٹری شامل کیے جانے کی اطلاعات ہیں۔ ایک سابقہ رپورٹ میں یہ دعویٰ بھی کیا گیا تھا کہ آئی فون ایئر 2 میں ایپل کی اے 20 سیریز کا چپ سیٹ استعمال ہوگا، جو آئی فون 18 پرو ماڈلز اور آئی فون ڈو میں بھی دیے جانے کی اطلاعات ہیں۔ اگر یہ تفصیلات درست ثابت ہوئیں تو نیا ایئر ماڈل گزشتہ سال کے فون سے زیادہ طاقتور ہوگا، جس میں اے 19 پرو پراسیسر موجود تھا۔

دوسری جانب آئی فون 18 کے ڈمی ماڈل سے اشارہ ملتا ہے کہ اس کا مجموعی ڈیزائن آئی فون 17 سے زیادہ مختلف نہیں ہوگا۔ مختلف لیکس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ اس فون میں بھی اے 20 چپ سیٹ اور ایپل کا سی 2 موڈیم دیا جائے گا، جبکہ اس کی ابتدائی قیمت 899 ڈالر ہوسکتی ہے۔ یہ آئی فون 17 کی ابتدائی قیمت کے مقابلے میں 100 ڈالر زیادہ ہوگی۔

معیاری آئی فون ماڈل ایپل کے لیے خاص اہمیت رکھتا ہے۔ اس کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ آئی فون 17 اس وقت دنیا میں سب سے زیادہ فروخت ہونے والا فون بتایا جارہا ہے۔

واضح رہے کہ ایپل نے 2026 میں اپنے آئی فونز متعارف کرانے کا معمول تبدیل کیا ہے۔ ستمبر 2026 میں کمپنی آئی فون 18 پرو، آئی فون 18 پرو میکس اور اپنے پہلے فولڈ ایبل فون آئی فون ڈو کو پیش کرچکی ہے۔ اب آئی فون ایئر 2 اور معیاری آئی فون 18 کو مارچ یا اپریل 2027 میں متعارف کرائے جانے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔