قصور میں راہ چلتی خواتین کو ہراساں کرنے والا ملزم گرفتار

واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد ڈی پی او قصور نے نوٹس لے لیا


ویب ڈیسک November 12, 2026

قصور:

قصور میں سڑک پر راہ چلتی خواتین کو نازیبا انداز میں چھونے اور ہراساں کرنے والے اوباش ملزم کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔

پولیس کے مطابق تھانہ اے ڈویژن نے ڈی پی او قصور آفتاب احمد پھلروان کی ہدایت پر کارروائی کرتے ہوئے ریلوے روڈ پر خواتین کے ساتھ نازیبا حرکات کرنے والے ملزم کو حراست میں لیا۔ گرفتار ملزم کی شناخت عمران ولد اقبال کے نام سے ہوئی ہے جو کوٹ مراد خان کا رہائشی ہے۔

واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد ڈی پی او قصور نے نوٹس لیتے ہوئے ملزم کی فوری گرفتاری کے احکامات جاری کیے تھے۔ پولیس نے ملزم کے خلاف تعزیرات پاکستان کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی ہے۔

ڈی پی او آفتاب احمد پھلروان کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے وژن کے مطابق خواتین اور بچوں کا تحفظ قصور پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ خواتین کو ہراساں کرنے اور ان کے ساتھ نازیبا حرکات کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔