کوہاٹ:
کوہاٹ میں 10 شہداء کی نماز جنازہ ایس ٹی سی گراؤنڈ میں ادا کر دی گئی، جس میں گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سمیت اعلیٰ سول اور عسکری حکام نے شرکت کی۔
نماز جنازہ میں آئی جی خیبرپختونخوا، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی اور عسکری حکام بھی شریک ہوئے۔ اس موقع پر شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز کوہاٹ کے علاقے گھمبٹ میں غیر قانونی مائننگ کے خلاف آپریشن کے لیے جانے والی پولیس نفری پر دہشت گردوں نے بڑا حملہ کردیا، نتیجے میں ڈی ایس پی گھمبٹ حیدر زمان اور اسسٹنٹ سب انسپکٹر مختیار سمیت 10 پولیس اہلکار شہید اور 12 زخمی ہوگئے، جوابی کارروائی میں 18 خوارج بھی مارے گئے۔ْ
ایکسپریس نیوز کے مطابق سونے کی غیرقانونی مائننگ کے خلاف کارروائی کے لیے پولیس ٹیم روانہ ہوئی تو پہاڑوں میں پہلے سے موجود دہشت گردوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کردی، اہلکاروں نے جوابی فائرنگ بھی کی اور گاڑیوں کی آڑ لے کر جانیں بچائیں، دہشت گردوں نے کئی موبائل بھی جلادیں۔
پولیس کے مطابق حملے میں ڈی ایس پی گھمبٹ حیدر زمان، اے ایس آئی مختیار، پولیس اہلکار یاسر، ڈرائیور مدثر، عدنان، شہراز، حلیم، شمس اور ابراہیم سمیت دیگر اہلکار شہید ہوئے۔
واقعے میں ایس ایچ او گھمبٹ، کانسٹیبل عابد، وحید، محمد حسن، ذیشان اور اسد سمیت ڈی ایس پی کے دو گنر حبیب اور فاہد بھی زخمی ہوئے۔ زخمی اہلکاروں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔
امدادی ادارے 1122 کے مطابق گیارہ پولیس اہلکار شہید اور 12 زخمی ہوئے جب کہ کے پی پولیس نے کہا ہے کہ دس اہلکار شہید ہوئے اور پولیس کی جوابی کارروائی سے 18 خوارج مارے گئے۔