امریکا کی ری پبلکن ریاست میں بڑا سیاسی اپ سیٹ، 140 سال بعد پہلی بار سیاہ فام سینیٹر منتخب

نتائج کے مطابق کولم نے 49.2 فیصد ووٹ حاصل کیے جبکہ ان کی حریف 48.7 فیصد ووٹ لے سکیں


ویب ڈیسک November 12, 2026

امریکی ریاست مسیسیپی میں ڈیموکریٹ امیدوار اسکاٹ کولم نے ری پبلکنز کا دہائیوں پرانا انتخابی راج ختم کرتے ہوئے سینیٹ کی نشست جیت لی وہ 140 سال سے زائد عرصے بعد اس ریاست سے منتخب ہونے والے پہلے سیاہ فام سینیٹر بن گئے۔

امریکی میڈیا کے مطابق اسکاٹ کولم نے انتہائی سخت مقابلے میں ری پبلکن امیدوار اور موجودہ سینیٹر سنڈی ہائیڈ اسمتھ کو شکست دی۔ نتائج کے مطابق کولم نے 49.2 فیصد ووٹ حاصل کیے جبکہ ان کی حریف 48.7 فیصد ووٹ لے سکیں، آزاد امیدوار کے حصے میں 2.1 فیصد ووٹ آئے۔

یہ کامیابی اس لیے بھی غیر معمولی ہے کہ مسیسیپی میں 1982 سے مسلسل ری پبلکن امیدوار کامیاب ہوتے آرہے تھے، جبکہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی 2024 کے صدارتی انتخاب میں یہ ریاست 22 فیصد سے زائد فرق سے جیتی تھی۔

شکست تسلیم کرتے ہوئے سنڈی ہائیڈ اسمتھ نے سوشل میڈیا پر جاری ویڈیو پیغام میں اسکاٹ کولم کو مبارک باد دی اور کہا کہ اگرچہ یہ وہ نتیجہ نہیں جس کی انہیں امید تھی، تاہم وہ ریاست کے عوام کے فیصلے کا احترام کرتی ہیں۔

ریاست کے دارالحکومت جیکسن میں نیشنل ایسوسی ایشن فار دی ایڈوانسمنٹ آف کلرڈ پیپل (NAACP) کے دفتر میں کولم کی کامیابی کا اعلان ہوتے ہی کارکنوں نے خوشی کا اظہار کیا۔ تنظیم کے چیئرمین لیون رسل نے اسے تاریخی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس فتح میں بالخصوص سیاہ فام برادری کی منظم انتخابی مہم کا اہم کردار رہا۔

مقامی پراسیکیوٹر اسکاٹ کولم نے اپنی انتخابی مہم میں مہنگائی اور معاشی مشکلات کو مرکزی موضوع بنایا تھا۔ انہوں نے اپنی حریف کو صدر ٹرمپ کی تجارتی پالیسیوں کی حمایت پر تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہیں طنزیہ طور پر ’’سنڈی ہائی پرائسز‘‘ کا نام دیا۔

رپورٹس کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ کی ٹیرف پالیسیوں اور ایران جنگ کے معاشی اثرات سے متعلق عوامی بے چینی نے بھی ری پبلکن امیدواروں کے خلاف ووٹرز کی ناراضی بڑھانے میں کردار ادا کیا۔

اس انتخابی نتیجے کو امریکی سیاست میں ڈیموکریٹس کی بڑی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جہاں پارٹی نے ٹیکساس، جنوبی کیرولائنا، کنساس اور آئیووا جیسی ری پبلکن اکثریتی ریاستوں میں بھی کامیابیاں حاصل کیں۔