بند کورائی پولیس اسٹیشن پر ڈی آئی خان کی تاریخ کا سب سے بڑا دہشت گرد حملہ

دہشت گردوں نے 600 تا 800 کلو گرام بارود سے بھری گاڑی سے خودکش دھماکا کیا پھر بھی تھانے میں داخل نہ ہوسکے


رمضان سیماب November 12, 2026
حملے کے بعد تھانے میں لوگوں کی آمد و رفت کا منظر (فوٹو: ویڈیو اسکرین گریب)

ڈیرہ اسماعیل خان:

ڈی آئی خان کی تاریخ کا مبینہ طور پر سب سے بڑا دہشت گرد حملہ ناکام بنادیا گیا جس میں  بند کورائی پولیس اسٹیشن پر 600 تا 800 کلو گرام بارود سے بھری گاڑی سے خودکش دھماکا کیا پھر بھی دہشت گرد کامیاب نہ ہوسکے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق تحصیل پہاڑپور کے علاقے بند کورائی میں پولیس اسٹیشن پر گزشتہ شب تقریباً دو بجے نامعلوم دہشت گردوں نے بارود سے بھری سوزوکی وین کے ذریعے بڑا حملہ کیا تاہم پولیس کی بروقت اور بھرپور جوابی کارروائی کے باعث حملہ آور تھانے میں داخل ہونے میں ناکام رہے اور فرار ہوگئے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق حملے میں 600 سے 800 کلوگرام تک بارودی مواد استعمال ہونے کا انکشاف ہوا ہے، تاہم اس حوالے سے سرکاری تصدیق سامنے آنا باقی ہے۔

دہشت گردوں نے تھانے کے مرکزی گیٹ کے قریب کھڑی بارود سے بھری سوزوکی وین کو ریموٹ کنٹرول کے ذریعے دھماکے سے اڑا دیا، جس سے زوردار دھماکا ہوا۔ دھماکے کی شدت سے تھانے کا مرکزی گیٹ، قریبی مسجد، دیواریں اور عمارت کے مختلف حصے متاثر ہوئے، دھماکے کے فوری بعد دہشت گردوں اور پولیس کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ شروع ہوگیا، جو کافی دیر تک جاری رہا۔

دہشت گردوں کی جانب سے مارٹر گولے بھی فائر کیے گئے تاہم خوش قسمتی سے یہ گولے پھٹ نہ سکے۔ پولیس اہلکاروں نے جراٗت مندی سے مقابلہ کرتے ہوئے دہشت گردوں کو تھانے میں داخل ہونے سے روک دیا۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایس پی پہاڑپور، ڈی ایس پی سٹی حافظ محمد عدنان اور ایس پی سی ٹی ڈی محمد افتخار شاہ پولیس نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے اور آپریشن کی نگرانی کی۔ دہشت گرد اندھیرے اور گھنے جنگل کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے۔

حملے کے نتیجے میں پولیس کے چند اہلکار معمولی زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں طبی امداد فراہم کرنے کے بعد فارغ کر دیا گیا۔ واقعے کا مقدمہ تھانہ سی ٹی ڈی میں نامعلوم حملہ آوروں کے خلاف درج کر لیا گیا۔

واقعے کے بعد آر پی او ڈیرہ رینج غلام مبشر میکن اور ڈی پی او ڈیرہ ضیاء الدین احمد نے بند کورائی پولیس اسٹیشن کا دورہ کیا۔ انہوں نے متاثرہ عمارت اور جائے وقوعہ کا معائنہ کیا، پولیس اہلکاروں سے ملاقات کی اور دہشتگردوں کے حملے کو ناکام بنانے پر جوانوں کی حوصلہ افزائی کی۔

واضح رہے کہ حملے کے دوران مقامی افراد نے بھی پولیس کے ساتھ بھرپور تعاون کیا اور پولیس اہلکاروں کے شانہ بشانہ دہشت گردوں کا مقابلہ کرنے کے علاوہ فرار ہونے والے حملہ آوروں کا تعاقب بھی کیا۔

اس حملے کو اپنی نوعیت، دھماکے کی شدت اور مبینہ طور پر استعمال ہوئے بھاری مقدار کے بارودی مواد کے باعث ڈیرہ اسماعیل خان میں سیکیورٹی صورتحال کے حوالے سے ایک غیر معمولی واقعہ قرار دیا جا رہا ہے۔