کراچی کے علاقے گزری میں مسلح ملزمان نے غیرملکی خاتون کے ملازم سے 3 کروڑ روپے سے لوٹ کر فرار ہوگئے جبکہ متاثرہ ملازم بینک سے رقم لے کر باہر آرہے تھے جبکہ پولیس نے معاملہ مشکوک قرار دے دیا۔
پولیس نے بتایا کہ متاثرہ ملازم کے مطابق ان سے 3 کروڑ 75 لاکھ روپے کی ڈکیتی ہوئی ہے۔
ایس ایس پی ساؤتھ مہزورعلی نے بتایا کہ گزری میں بینک سے نکلنے والے شہری سے ایک کروڑ روپے سے زائد چھین لیے گئے، شہری ایک غیر ملکی خاتون کا ملازم ہے اور خاتون اس وقت اسلام آباد میں مقیم ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ خاتون گوشت کی سپلائی کا کام کرتی ہیں، غیرملکی خاتون کے اکاؤٹینٹ حنیف میتھلو سے دو مسلح ملزمان نے خیابان بحریہ گزری کی حدود میں رقم کا بیگ اسلحے کے زور پر چھینا اور فرار ہوگئے۔
انہوں نے کہا کہ اکاوٹینٹ بینک سے رقم لے کر نکلا تھا، غیر ملکی خاتون گوشت اندرون سندھ میں غیرملکی منصوبوں کے لیے سپلائی کرتی ہیں۔
ایس ایس پی ساؤتھ کا کہنا تھا کہ واقعہ مشکوک ہے کیونکہ خاتون نے کم رقم بینک سے نکالنے کا کہا تھا، پولیس کا غیرملکی خاتون سے ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے اور وہ رات کو کراچی پہنچیں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ غیر ملکی خاتون کی آمد کے بعد ان کا بیان ریکارڈ کیا جائے گا جبکہ متاثرہ اکاوٹینٹ کے بیان کی تصدیق کی جا رہی ہے اور پولیس سی سی ٹی وی کیمروں سے واقعے کی تصدیق کررہی ہے۔