اے این ایف کی کارروائیاں، 2 کروڑ مالیت کی منشیات برآمد

منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران 10 کارروائیوں میں خاتون سمیت 14 ملزمان گرفتار، مقدمات درج


آفتاب خان November 12, 2026

اے این ایف نے ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 10 کارروائیوں کے دوران خاتون سمیت 14 ملزمان کو گرفتار کر کے 2 کروڑ 82 لاکھ روپے مالیت کی 158 کلوگرام منشیات برآمد کر لی۔

ترجمان اے این ایف کے مطابق کارروائیوں میں کچلاک بائی پاس کوئٹہ کے قریب گاڑی سے 60 کلوگرام چرس، یونیورسٹی روڈ پشاور میں گاڑی سے 22.8 کلوگرام افیون برآمد ہوئی۔

موٹروے ٹول پلازہ اسلام آباد کے قریب ٹرک میں چھپائی گئی 13.2 کلوگرام چرس، کوٹکے پل بالاکوٹ روڈ مانسہرہ پر گاڑی سے 12 کلوگرام چرس، موٹروے ٹول پلازہ اسلام آباد پر گاڑی کے ٹائر میں چھپائی گئی 12 کلوگرام چرس برآمد کی گئی۔

ترجمان اے این ایف کے مطابق موچی والا روڈ گوجرہ میں ٹرک سے 7 کلوگرام آئس، جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ریاض جانے والے پارسل سے آئس سے بنے 7.6 کلوگرام لیمپ، علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور پر ملائیشیا جانے والے مسافر کے بیگ سے 2.220 کلوگرام ہیروئن، موٹر وے چوک رنگ روڈ پشاور میں ٹرک سے 10.8 کلوگرام چرس برآمد کی۔

اس کے کراچی کے علاوہ علاوہ سائٹ ایریا سمینز کے قریب گاڑی سے 10.4 کلوگرام ویڈ برآمد ہوئی۔ گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔