جعلی تعلیمی اسناد؟ عدالتی کارروائی پر انڈونیشیا کے کم عمر ترین نائب صدر مستعفی

سپریم کورٹ نے نائب صدر کی سنگاپور کی تعلیمی ڈگری کی ملکی ایکویلنس کو کالعدم قرار دیا تھا


ویب ڈیسک November 12, 2026
انڈونیشیا کے مستعفی نائب صدر جبران راکابومنگ راکا پارلیمنٹ میں استعفیٰ جمع کرانے کے موقع پر۔

انڈونیشیا کے نائب صدر جبران راکابومنگ راکا نے تعلیمی اسناد پر عدالتی اعتراضات اور مواخذے کی کارروائی کے دوران اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔

عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق 39 سالہ جبران نے 12 نومبر کو اپنا استعفیٰ صدر پرابوو سوبیانتو اور پارلیمنٹ میں جمع کرایا جسے صدر نے قبول کرلیا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ نائب صدر جبران نے استعفے کی وجہ نجی مصروفیات اور انتہائی ذاتی فیصلہ قرار دیا ہے تاہم انھوں نے استعفی اپنی تعلیمی ڈگری کی ایکوویلنٹ کالعدم ہونے کے بعد دیا ہے۔

انڈونیشیا کے صدر پرابوو نے بھی اپنے نائب صدر کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ملکی مفاد میں عہدہ چھوڑا ہے۔

اسناد کا تنازع اس وقت شدت اختیار کرگیا جب انڈونیشیا کی آئینی عدالت اور سپریم کورٹ نے گزشتہ ماہ قرار دیا کہ جبران کی بیرون ملک حاصل کردہ ثانوی تعلیم سے متعلق دستاویزات انتخابی اہلیت کے قانونی تقاضے پورے نہیں کرتیں۔

جبران نے سنگاپور میں تعلیم حاصل کی تھی اور 2024 کے انتخابات میں حصہ لیتے وقت اپنی تعلیمی سند کو انڈونیشیا کے ہائی اسکول کے مساوی قرار دینے والی دستاویز جمع کرائی تھی۔ تاہم سپریم کورٹ نے اس مساوی سند کو کالعدم قرار دے دیا۔

معاملہ یہاں تک پہنچا کہ پارلیمنٹ کے 120 ارکان نے آٹھ جماعتوں کی نمائندگی کرتے ہوئے ان کے خلاف مواخذے کی ممکنہ کارروائی شروع کرنے کی حمایت کردی۔

واضح رہے کہ جبران 2024 میں انڈونیشیا کے کم عمر ترین نائب صدر منتخب ہوئے تھے۔ اب آئین کے تحت پارلیمنٹ کو 60 روز میں نئے نائب صدر کا انتخاب کرنا ہوگا۔ وہ سابق صدر جوکو ویدودو کے صاحبزادے بھی ہیں۔