ایران سے مذاکرات کی فکر چھوڑ کر ملکی معاملات پر توجہ دیں؛ ٹرمپ کی اپنے نائب کو ہدایت

امریکا کو اب ایران کے ساتھ کسی معاہدے کی ضرورت نہیں، وہ دن گزر چکے ہیں۔ صدر ٹرمپ


ویب ڈیسک November 12, 2026
  ٹرمپ کی نائب صدر جے ڈی وینس کو ایران سے معاہدے کے بجائے ملک کے اندرونی معاملات پر توجہ دینے کی ہدایت

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ جنگ ختم کرنے کے لیے کسی معاہدے کی ضرورت سے انکار کرتے ہوئے نائب صدر جے ڈی وینس کو بھی مذاکرات کے بجائے امریکا میں مبینہ بدعنوانی کے خلاف کارروائیوں پر توجہ دینے کی ہدایت کردی۔

عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق صدر ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر لکھا کہ امریکا کو اب ایران کے ساتھ کسی معاہدے کی ضرورت نہیں، وہ دن گزر چکے ہیں۔

امریکی صدر نے دعویٰ کیا کہ امریکا کے پاس ایران کی سیکڑوں ارب ڈالر کی رقم اور آبنائے ہرمز بھی ہے۔

صدر ٹرمپ کے بقول انھوں نے نائب صدر جے ڈی وینس کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی پوری توجہ ڈیموکریٹس کے زیرانتظام امریکی شہروں اور ریاستوں میں مبینہ بڑے پیمانے پر بدعنوانی اور جرائم کے خلاف کارروائیوں پر مرکوز کریں۔

یاد رہے کہ امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل نے رپورٹ کیا تھا کہ جے ڈی وینس ایران کی قومی سلامتی سے وابستہ ایک اعلیٰ عہدیدار کے ساتھ براہ راست مذاکرات پر غور کر رہے ہیں تاہم اس مجوزہ ملاقات کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہوسکی۔

قبل ازیں امریکی نائب صدر جے ڈی وینس پاکستان میں ایران کے ساتھ مذاکرات کی قیادت کرچکے ہیں جس کے نتیجے میں جون میں جنگ روکنے کے لیے مفاہمت کی یادداشت طے پائی تھی تاہم یہ کوشش چند ہفتوں بعد ناکام ہوگئی۔

ٹرمپ کے تازہ بیان سے امریکا اور ایران کے درمیان سفارتی کوششوں کے مستقبل پر نئے سوالات اٹھ گئے ہیں۔