خیبر پختونخوا: پی ٹی آئی کے 13 سالہ دورِ حکومت میں صحت کے نظام پر عوام کی تنقید

صحت کارڈ پروگرام اور طبی آلات کی خریداری میں مبینہ مالی بے ضابطگیوں کی شفاف تحقیقات کا مطالبہ


ویب ڈیسک November 13, 2026
(فوٹو : فائل)

پشاور:

خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی کے 13 سالہ دور حکومت میں صحت کے شعبے کی صورتحال پر عوام نے شدید تنقید کی ہے۔

عوام کا کہنا ہے کہ ماضی کی ناقص منصوبہ بندی اور غفلت کے باعث صوبے کا صحت کا نظام متاثر ہوا ہے، اسپتالوں میں طبی سہولیات کی شدید کمی اور فنڈز میں خرد برد کے الزامات کی تحقیقات ہونی چاہئیں۔

باجوڑ، مہمند اور دیر کے ہیڈکوارٹر اسپتالوں میں ادویات، سی ٹی اسکین مشینوں، آئی سی یو یونٹس اور بستروں کی عدم دستیابی پر بھی عوام نے تشویش ظاہر کی ہے، عوام نے صحت کارڈ پروگرام اور طبی آلات کی خریداری میں مبینہ مالی بے ضابطگیوں کی شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

شہریوں نے محکمہ صحت میں اصلاحات، نرسنگ کالج کے اجرا اور خالی آسامیوں پر بھرتیوں کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے بھر کے اسپتالوں میں ڈاکٹروں اور طبی عملے کی کمی دور کی جائے، تقرریوں میں سیاسی مداخلت ختم کرکے میرٹ کو یقینی بنایا جائے۔