لاہور ہائیکورٹ نے شوگر ڈویلپمنٹ سیس کے فنڈز سے سڑکوں کی تعمیر کا ای ٹینڈر روک دیا

جسٹس جواد حسن نے شوگر ڈویلپمنٹ سیس کے فنڈز سے سڑکوں کی تعمیر و بہتری کے لیے جاری ٹینڈرنگ کا عمل معطل کردیا


محمد ہارون November 13, 2026

لاہور ہائیکورٹ نے شوگر ڈویلپمنٹ سیس کے فنڈز سے سڑکوں کی تعمیر کا ای ٹینڈر روک دیا۔

انڈس شوگر ملز کی درخواست پر جسٹس جواد حسن نے عبوری ریلیف منظور کر لیا، جسٹس جواد حسن نے شوگر ڈویلپمنٹ سیس کے فنڈز سے سڑکوں کی تعمیر و بہتری کے لیے جاری ٹینڈرنگ کا عمل معطل کردیا۔

عدالت نے 9 اکتوبر 2026 کا ای ٹینڈر نوٹس اور کمیٹی کی آئندہ کارروائی روک دی، فیصلے کے مطابق  قانون میں کمیٹی کی تشکیل کا مخصوص طریقہ مقرر ہو تو انتظامی حکام اس سے انحراف نہیں کر سکتے،  شوگر ڈویلپمنٹ سیس کے عوامی فنڈز کی تقسیم اور استعمال قانونی قواعد کے مطابق ہونا ضروری ہے۔

عدالت نے انڈس شوگر ملز کی آئینی درخواست باقاعدہ سماعت کے لیے منظور کر لی، پنجاب حکومت کے متعلقہ حکام کو آئندہ سماعت سے قبل تحریری جوابات جمع کرانے کا حکم دیا، عدالت نے ڈپٹی کمشنر راجن پور اور متعلقہ محکموں کے سینئر افسران کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا۔

عدالت نے کمیٹی کی تشکیل کا نوٹیفکیشن، اجلاسوں کی کارروائی اور فنڈز کی تقسیم کا ریکارڈ طلب کر لیا، ترقیاتی منصوبوں، ٹینڈرنگ کے عمل اور متعلقہ خط و کتابت کا مکمل ریکارڈ بھی طلب کرلیا، عدالت کے مطابق ٹینڈرنگ جاری رہنے سے تیسرے فریق کے حقوق پیدا ہونے کا خدشہ ہے، تیسرے فریق کے حقوق پیدا ہونے سے مستقبل کے عدالتی فیصلے پر عمل درآمد متاثر ہو سکتا ہے۔

لاہور ہائیکورٹ نے کیس کی مزید سماعت 9 دسمبر 2026 کو مقرر کر دی۔