کراچی:
حکومت سندھ نے سرکاری محکموں میں استعمال ہونے والی روایتی گاڑیوں کو مرحلہ وار ای وی پر منتقل کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
سینیئر وزیر شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ سرکاری وسائل کی بچت حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، ایسے اقدامات کیے جا رہے ہیں جن سے اخراجات کم کرنے کے ساتھ ماحول کا تحفظ بھی ممکن ہو۔
انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ چاہتی ہے کہ مستقبل میں گاڑیوں کی خریداری میں روایتی گاڑیوں کے بجائے الیکٹرک گاڑیوں کو ترجیح دی جائے، بتدریج سرکاری گاڑیوں کے پورے نظام کو ماحول دوست ٹیکنالوجی پر منتقل کیا جائے۔
سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے کفایت شعاری کا اجلاس ہوا جس میں صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ، متعلقہ صوبائی سیکریٹریز اور دیگر حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں سرکاری اخراجات میں کمی، ایندھن کی بچت اور مختلف محکموں کی گاڑیوں کی ضروریات کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں محکمہ داخلہ، اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ اور یونیورسٹیز و بورڈز کے لیے گاڑیوں کی خریداری کا فیصلہ کیا گیا۔ یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ سرکاری محکموں کے لیے گاڑیوں کی خریداری میں الیکٹرک گاڑیوں کو ترجیح دی جائے گی۔
شرجیل میمن نے کہا کہ سرکاری گاڑیوں میں ای وی کے استعمال کو فروغ دینے سے ایندھن کے اخراجات میں کمی آئے گی، ای وی گاڑیوں کی جانب منتقلی سے سرکاری خزانے پر ایندھن کے اخراجات کا بوجھ کم ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ مستقبل ای وی گاڑیوں کا ہے، حکومت سندھ چاہتی ہے کہ سرکاری ادارے بھی ماحول دوست ٹیکنالوجی اپنائیں اور روایتی ایندھن پر انحصار کم کریں، مرحلہ وار ای وی گاڑیوں پر منتقلی سے سرکاری محکموں کے روزمرہ اخراجات میں بھی کمی لائی جا سکے گی۔
سید ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ روایتی گاڑیوں سے خارج ہونے والا دھواں شہری ماحول اور فضا کو متاثر کرتا ہے، بلدیاتی اداروں میں بھی روایتی گاڑیوں کے بجائے الیکٹرک گاڑیوں کا استعمال فروغ دیا جا رہا ہے۔