عوامی خدمت کا ایجنڈا

موجودہ حکومت نے اپنے پونے تین سالوں میں بیروزگاری اور مہنگائی بڑھانے کے تمام سابقہ ریکارڈ توڑ کر عوام کو فاقہ کشی ، خودکشیوں پر مجبور کردیا ہے


محمد سعید آرائیں November 14, 2026
[email protected]

مسلم لیگ ن کے رہنماؤں نے گوجرانوالہ کے قومی اور چیچہ وطنی کی صوبائی نشست پر مسلم لیگ ن کے امیدواروں کی کامیابی پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ پنجاب حکومت کی کارکردگی پر عوام کا اعتماد ہے اور دیگر مسلم لیگی رہنما بھی یہی کہہ رہے ہیں کہ عوام نے ضمنی الیکشن میں ن لیگ کے حق میں اپنا فیصلہ دے دیا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے بھی ضمنی الیکشن میں دونوں ن لیگی امیدواروں کی کامیابی پرکہا کہ یہ کامیابی ن لیگ کی قیادت اور حکومت کی پالیسیوں پر عوام کے بھرپور اعتماد کا اظہار ہے۔ عوام نے حکومت کے عوامی خدمت کے ایجنڈے، ترقی و خوشحالی کے منصوبوں کے باعث ن لیگ کے دونوں امیدواروں کو کامیاب کرایا ہے۔

 تحریک انصاف نے ان ضمنی انتخابات کا بائیکاٹ کیا اور پیپلز پارٹی نے ضمنی الیکشن میں حصہ نہیں لیا جبکہ مرکزی مسلم لیگ کے امیدوار قومی اسمبلی سے تیس ہزار دو سو اٹھارہ ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے جبکہ ن لیگی امیدوار کو 43ہزار 365ووٹ ملے اور مرکزی مسلم لیگ ہر الیکشن میں حصہ لیتی آرہی ہے۔

چیچہ وطنی میں مسلم لیگ کے امیدوار کو 41912 ووٹ اور تحریک احساس پاکستان کے امیدوار نے 25106 ووٹ لے کر سیاسی حلقوں کو حیران کردیا کہ جس کا نام پہلی بار سناگیا یہ دونوں نشستیں پہلے بھی ن لیگ کے پاس تھیں اور دونوں ن لیگی امیدوار مرحوم ارکان اسمبلی کی نشستوں پر ووٹ لے کر کامیاب ہوئے مگر دونوں جگہ ٹرن آؤٹ کم تھا جو تقریباً 28فیصد تک رہا۔

دونوں حلقوں میں عوام کی عدم دلچسپی ایک حد تک موجود رہی جبکہ ن لیگی امیدواروں نے انتخابی مہم میں بھرپور حصہ لیا اور اسے کامیاب بنانے کی ہر ممکن کوشش کی۔ ضمنی الیکشن میں ویسے بھی ملک بھر میں ووٹروں کا ٹرن آؤٹ ہمیشہ کم ہی رہتا ہے اور حکومتی امیدواروں کو ترجیح حاصل ہوتی ہے۔ دونوں الیکشنوں میں کوئی اور بڑی سیاسی پارٹی میدان میں تھی ہی نہیں، اس لیے کہا جا رہا ہے کہ سرکاری امیدواروں کے مقابلے میں مرکزی مسلم لیگ اور تحریک احساس پاکستان کے امیدواروں کو بڑی تعداد میں ووٹ دے کر سیاسی حلقوں کو حیران ضرور کر دیا گیا ہے۔

اگر دونوں حلقوں میں تحریک انصاف اپنی حامی پارٹیوں کے ساتھ حصہ لیتی تو پتا چل جاتا کہ وہ پنجاب میں کتنی مقبول ہے۔ مرکزی مسلم لیگ کہیں میدان خالی نہیں چھوڑ رہی مگر اس بار اس نے گوجرانوالہ سے تیس ہزار سے زیادہ جو ووٹ لیا ہے اس کو سیاسی حلقے مسلم لیگ ن کے لیے لمحہ فکریہ قرار دے رہے ہیں ۔ الیکشن میں تو ایسا ہوتا ہی ہے ،بعض جگہوں پر تو امیدوار چند ووٹوں سے جیت جاتا ہے، یہ تو پھر ہزاروں کا فرق ہے۔  بہرحال مسلم لیگ ن کے رہنما اسے بڑی کامیابی قرار دے کر مسرت کا اظہار کررہے ہیں جو ہر جیتنے والا کرتا ہے۔ واضح رہے کہ 2021ء میں ڈسکہ کے قومی اسمبلی کے ضمنی الیکشن میں وفاق اور پنجاب میں پی ٹی آئی کی حکومت تھی اور نوشین افتخار نے اپنے مرحوم شوہر کی نشست پر ن لیگ کی طرف سے الیکشن لڑا تھا اور انھیں سرکاری دھاندلی کا نیا ریکارڈ قائم کرکے ہروایا گیا تھا مگر دھاندلی ثابت ہونے پر پی ٹی آئی حکومتوں کے باوجود دوسری بار بھی تحریک انصاف ہاری تھی۔

ضمنی الیکشن میں سرکاری امیدواروں کو شکست بھی ہوتی رہی ہے اور لوگ حکومت وقت سے بیزاری کے نتیجہ میں مخالف امیدوار کو ووٹ دے کر ہراتے بھی ہیں جس سے ان کی جانب سے حکومت کی کارکردگی پر ناپسندیدگی کا اظہار کیا جاتا ہے۔ سرکاری وسائل سے کامیابی اگر مل بھی جائے تو حکومت وقت ہمیشہ کی طرح اسے بڑی کامیابی قرار دے کر اپنی مقبولیت کا ڈھنڈورا پیٹتی اور جشن مناکر یہ تاثر دیتی ہے کہ وہ بہت مقبول ہے۔

ن لیگی امیدواروں کے مطابق انھوں نے جو کامیابی حاصل کی وہ ان کی حقیقی کامیابی، مسلم لیگ ن کی مقبولیت کا ثبوت ہے اور ووٹروں نے مسلم لیگ ن کی دونوں حکومتوں پر اپنے بھرپور اعتماد کا ثبوت دیا ہے یہی وجہ ہے کہ ن لیگ اظہار مسرت کررہی ہے۔ ہر حکومت کہتی ہے کہ اس کی کارکردگی سے ملک میں خوشحالی آگئی ہے۔ مگر ہمیشہ کی طرح عوام کے ایک طبقے کا خیال اس سے مختلف ہوتا ہے اور وہ کہتے ہیں کہ حکومت کی کون سی ترقی اور عوامی خدمت منظر عام پر آئی کہ وہ حکومت پر اعتماد کریں ۔

موجودہ حکومت نے اپنے پونے تین سالوں میں بیروزگاری اور مہنگائی بڑھانے کے تمام سابقہ ریکارڈ توڑ کر عوام کو فاقہ کشی ، خودکشیوں پر مجبور کردیا ہے۔ بجلی ، گیس، پیٹرولیم مصنوعات پر نئے ٹیکس عائد کرکے عوام کی زندگی اجیرن کردی گئی ہے۔ حکومت پٹرولیم لیوی سے تو اپنی آمدن بڑھا ہی رہی تھی مگر ماضی کی حکومت میں بجلی و گیس کے بلوں پر فکسڈ چارجز نہیں لگائے گئے نہ ان بلوں پر انکم ٹیکس لگایا گیا مگر وفاقی حکومت نے تو یہ سب کچھ کیا ہے اور خوشحالی کے دعوے کیے جا رہے ہیں۔

 پنجاب میں تجاوزات کے خاتمے اور گراں فروشی کے سدباب کے لیے پیرا فورس بنائی گئی تھی۔ ابتدا میں تجاوزات کے نام پر جو مہم چلائی گئی تھی اس سے لوگ خوف زدہ ہیں کہ ان پر جرمانے کیے جارہے ہیں جو لوگ ریڑھیوں پر سامان فروخت کرتے تھے وہ اب ریڑھیوں کی بجائے زمین پر کپڑے بچھاکر اپنا سامان رکھ کر فروخت کرنے پر مجبور ہیں اور جیسے ہی پیرا فورس آتی ہے وہ اپنا سامان اٹھاکر قریبی گلیوں میں بھاگ کر سامان بچاتے ہیں۔ غریبوں، مزدوروں، کسانوں اور دیگر چھوٹے کاروبار کرنے والوں کے تاثرات اچھے نہیں ہیں اور وہ پریشان ہیں۔ مرکزی مسلم لیگ نے گوجرانوالہ الیکشن میں دھاندلی کا الزام لگا کر نتائج مسترد کردیے ۔

 قومی اسمبلی کے ساڑھے پانچ لاکھ ووٹوں میں ن لیگ کو صرف 43365 ووٹ ملے اور چیچہ وطنی کے صوبائی حلقہ کے ن لیگی امیدوار نے قومی اسمبلی حلقہ سے زیادہ ووٹ لیے۔ مرکزی مسلم لیگ کا دعویٰ ہے کہ گوجرانوالہ میں اس کے امیدوار کو 283 پولنگ اسٹیشنوں پر 25ہزار 377ووٹ اور سرکاری امیدوار کو صرف 21ہزار ووٹ ملے تھے مگر انھیں ہرایا گیا۔ سیاست میں الزامات لگتے رہتے ہیں۔