پیٹرول، گیس کی قیمتوں کے اثرات

پیٹرول وہ کیمیائی مرکب ہے جس پر کارخانوں کے پہیے، لوگوں کا روزگار، صنعت و حرفت اور عالمی سیاست و معیشت کے ستون کھڑے ہیں۔



پیٹرول وہ کیمیائی مرکب ہے جس پر کارخانوں کے پہیے، لوگوں کا روزگار، صنعت و حرفت اور عالمی سیاست و معیشت کے ستون کھڑے ہیں۔ اب یہ ایک ایسا اقتصادی ہتھیار اور جغرافیائی سیاسی طاقت بن چکا ہے کہ جب بھی خلیج فارس کی فضاؤں میں جنگ کے بادل تیرنے لگتے ہیں تو خام تیل کی منڈیوں میں بھونچال سا اتر آتا ہے۔ اس بارود دان کو آبنائے ہرمز کہا جاتا ہے، مگر اس آبی گزرگاہ کی اہمیت اتنی زیادہ ہے کہ یہاں ایک پتھر بھی گرے تو اس کی گونج نیویارک کے وال اسٹریٹ سے لے کر ٹوکیو کے اسٹاک ایکسچینج اور اسلام آباد کے ایوانوں تک سنائی دیتی ہے۔

خلیج کے تمام ممالک اور ایران خود اسی راستے سے دنیا کو تیل فراہم کرتے ہیں۔ اس آبنائے میں منڈلانے والے جنگ کے بادل عالمی تیل کی منڈی میں کس طرح زلزلہ برپا کرتے ہیں، خاص طور پر جب وال اسٹریٹ میں چیخ و پکار مچ رہی ہے کہ خلیج فارس میں آئل ٹینکروں کو نشانہ بنایا گیا ہے، جس کے ساتھ ہی خام تیل کی قیمتیں جو کہ کچھ مستحکم یعنی بقاء بالواسطہ ہونے لگی تھیں اور اب جبکہ اس سمندر میں پراسرار خاموشی چھائی ہوئی ہے تو اس کا فایدہ عوام کی جیبوں تک منتقل ہو رہا ہے کہ تیل کی عالمی قیمت کم ہو کر 92 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی، جس کے بعد ملک میں بھی تیل کی قیمت میں کمی ہو رہی ہے۔

تیل صرف گاڑیوں کا ایندھن نہیں بلکہ فرٹیلائزر، ادویات، توانائی، صنعت و حرفت اور زراعت کا انحصار تیل پر ہی ہے۔ پاکستان میں تیل کی قیمت کے معیشت و غربت پر شدید اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ گزشتہ مہینے تیل کی قیمت میں اضافہ ہوا، اشیائے خورونوش، ٹرانسپورٹ، ہوائی سفر، ریل کا سفر، ہر چیز کی قیمت میں اضافہ ہونا شروع ہو گیا تھا، حالانکہ اب بھی معاملہ اسی طرح کا ہے کہ مہنگائی شدید ہے لیکن اب اس میں ایل این جی گیس کا کردار بڑھ گیا ہے، کیونکہ پاکستان ایک ایسا ملک ہے جس کی معیشت کا انحصار 85 فیصد سے زائد درآمدی تیل پر ہے۔ جنگ سے پہلے سالانہ 16 سے 17 ارب ڈالر تیل کی درآمد پر خرچ ہوتا تھا، اب اس میں مزید اضافہ ہو رہا ہے۔

پاکستان کو مشکلات کا سامنا اس لیے بھی کرنا پڑتا ہے کہ جس ملک کے زرمبادلہ ذخائرپہلے ہی چند ارب ڈالر پر سسک رہے ہیں۔ اس کے لیے ایندھن کا عالمی مارکیٹ میں مہنگا ہو جانا، اس کی معیشت کے لیے دھڑام سے گرنے کا خطرہ لے کر آتا ہے۔ ہمارے ملک کی معاشی حالت کی کمزوری اپنی جگہ لیکن پیٹرول کے مہنگا ہوتے ہی ہزاروں افراد غربت کی کھائی میں گرتے چلے جاتے ہیں اور یہ غربت کی کھائی کا یہ منظر صرف پاکستان ہی نہیں بلکہ دنیا کے تمام غریب ممالک کے شہریوں کی داستان ہے جو مٹی کی قیمت اپنے پیٹ کی بھوک برداشت کر کے چکاتے ہیں۔

 پاکستان کا المیہ یہ ہے کہ پیٹرولیم ذخیرہ کرنے کی صلاحیت نہایت ہی کم ہے۔ ماہرین کا خیال ہے کہ کم از کم 90 سے 120 دن کا پیٹرول ذخیرہ کرنے کی صلاحیت ہونی چاہیے تاکہ بیرونی تیل و ایندھن پر انحصار کرنے والے ممالک کم از کم 120 دن کے ذخیرہ کرنے کی صلاحیت کے حامل ہوں، اور کسی بھی بحران کے شروع ہونے میں انتہائی احتیاط اور راشن بندی کے تحت ملک میں تیل فروخت کیا جائے۔ اس کے ساتھ ہی خام تیل اور گیس کی درآمد پر انحصار کم سے کم کیا جائے۔ مقامی ذرائع مثلاً شمسی توانائی، ونڈ انرجی اور پن بجلی کی طرف تیزی سے پیش قدمی کرنا ہو گی۔ چند دن قبل چشمہ 5 نیوکلیئر دوم کی تنصیب قابل فخر سنگِ میل ہے۔

چشمہ 5 پاکستان کے اس بڑے نیوکلیئر پلانٹ سے 1200 میگاواٹ بجلی حاصل ہو گی، جو کہ دسمبر 2030 سے کام شروع کرے گا، یہ منصوبہ پاک چین دوستی کی علامت ہے۔ دوسری طرف ایل پی جی کی قیمت 600 روپے فی کلو سے بھی بڑھنے کے امکانات پیدا ہو رہے ہیں، اور یہ اضافہ سرکاری کنٹرول ریٹ 294 روپے کے مقابلے میں دگنا ہے، اس سے غربت میں اضافہ ہو رہا ہے، حکومت ابھی تک کوئی ایسے واضح پلان سامنے نہیں لا سکی جس سے ظاہر ہو کہ یہ مسئلہ حل ہو جائے گا، کیونکہ اس گیس کا تعلق لوگوں کی روٹی پکانے، سالن بنانے، چائے بنانے کے علاوہ بازار میں کھڑے ہو کر ریڑھیوں پر سموسے تلنے، پکوڑے، جلیبی تلنے کے علاوہ روزانہ رکشے چلانے والے، سوزوکی چلانے والے اور مزدا منی بس چلانے والے کھاتے سے ہے، یہی وجہ ہے کہ پیٹرول سستا ہونے سے صنعتی و تجارتی سرگرمیوں کو کچھ نہ کچھ سہارا مل سکتا ہے، لیکن عام گھرانے اور چھوٹے کام کرنے والے لوگوں کو ایل پی جی مہنگا ہونے کے باعث کوئی ریلیف نہیں مل رہا ہے، اس طرح ملک میں غربت اور معاشی تنگ دستی میں اضافے کے اس عمل کو روکنا ضروری ہے۔