عالمی بینک نے پاکستان کیلئے 30 کروڑ ڈالر قرض کی منظوری دے دی

رقم دیہی سندھ میں صاف پانی اور نکاسی آب کے منصوبے پر خرچ ہوگی


ارشاد انصاری November 14, 2026
فوٹو فائل

اسلام آباد:

عالمی بینک نے پاکستان کیلئے 30 کروڑ ڈالر قرض کی منظوری دے دی۔

 عالمی بینک کے مطابق 30 کروڑ ڈالر کے منصوبے کے تحت سندھ کے دیہی علاقوں میں شمسی توانائی سے چلنے والے واٹر سپلائی سسٹم لگائے جائیں گے، نکاسی آب اور صفائی کا جدید نظام بھی منصوبے میں شامل ہے۔

سندھ میں 80 فیصد دیہی آبادی کو پانی اورصفائی کی پیشہ ورانہ خدمات فراہم کی جائیں گی، منصوبہ سندھ میں بچوں کی غذائی کمی اور نشوونما کے مسائل کم کرنے میں مدد بھی دے گا۔

عالمی بینک کیمطابق دیہی سندھ میں پانچ سال سے کم عمر نصف سے زائد بچے کم نشوونما کا شکار ہیں، سندھ میں صاف پانی اور صفائی کا 10 سالہ منصوبہ چار مراحل میں مکمل کیا جائے گا۔

پہلے مرحلے پر مجموعی طور پر 54 کروڑ ڈالر خرچ ہوں گے، ایشیائی ترقیاتی بینک 15 کروڑ ڈالرجبکہ سندھ حکومت منصوبے کیلئے 9 کروڑ ڈالر فراہم کرے گی۔

پاکستان میں اس وقت عالمی بینک کے تعاون سے جاری 47 منصوبوں کی مجموعی مالیت تقریباً سولہ اعشاریہ ایک ارب ڈالر ہے۔