پاکستانی کرکٹر احمد شہزاد نے انڈر 19 ایشیا کپ جیتنے پر بھارت کو مبارک باد دیتے ہوئے فائنل میں بھارتی کھلاڑیوں کے نامناسب رویے پر تنقید کی ہے۔
ایکس پر بیان میں انہوں نے پاکستانی نوجوان ٹیم کی کارکردگی کو بھی سراہا اور کہا کہ پاکستان نے پورے ٹورنامنٹ میں شاندار کھیل پیش کیا۔ احمد شہزاد کا کہنا تھا کہ جیت کا جشن خوشی کا اظہار ہونا چاہیے، اسے جارحیت یا اشتعال انگیزی کا ذریعہ نہیں بنانا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ نوجوان کھلاڑیوں کو سکھانا ضروری ہے کہ کھیل کی روح جیت اور ہار سے بڑھ کر ہے۔ سینئر کھلاڑیوں کی بعض روایات نوجوانوں میں منتقل ہو رہی ہیں جنہیں بدلنے کی ضرورت ہے، اس لیے کھیل کے میدان میں احترام، برداشت اور حقیقی اسپورٹس مین اسپرٹ کو فروغ دینا چاہیے۔
واضح رہے کہ عمان میں کھیلے گئے فائنل میں پاکستان نے 9 وکٹوں پر 337 رنز بنائے جس کے جواب میں بھارت نے آخری گیند پر 9 وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کرکے ایک وکٹ سے کامیابی حاصل کی۔
کامیابی کے بعد جشن منانے کی وائرل ویڈیو میں بھارتی کھلاڑی منل چوہان کو حمزہ ظہور کی جانب مبینہ طور پر نامناسب اشارے کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔
ویڈیو سامنے آنے کے بعد شائقین کرکٹ کی جانب سے بھارتی کھلاڑیوں پر تنقید کی جارہی ہے۔ صارفین نے سوال اٹھایا کہ کیا جیت کا جشن منانے کا یہ مناسب انداز ہے اور کیا اس واقعے پر کوئی کارروائی ہوگی؟