قومی کھیل کے فروغ کیلیے پی ایچ ایف کی جانب اسکولوں میں ہاکی کا سامان تقسیم

اس سلسلے میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین وانی سمیت دیگر نے شرکت کی


ذوالفقار بیگ November 14, 2026

پاکستان ہاکی فیڈریشن  کی جانب سے قومی کھیل ہاکی کو تعلیمی اداروں کی سطح پر فروغ دینے اور نوجوان نسل کو اس کھیل کی جانب راغب کرنے کے لئے فیصل آباد ریجن کے اسکولوں میں ہاکی کا مکمل سامان تقسیم کر دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

تقریب میں پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین احمد وانی، ایم پی اے رانا شہریار خان کے علاوہ ہاکی فیملی اور معززین شہر کے علاوہ مختلف اسکولوں کے پرنسپلز، اساتذہ اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ ہاکی پاکستان کا قومی کھیل ہے اور اس کے شاندار ماضی کو دوبارہ زندہ کرنے کے لیے ضروری ہے کہ اسکولوں کی سطح سے ہی بچوں کو کھیلوں کی بنیادی سہولیات اور موقع فراہم کیے جائیں۔

اسکولوں میں ہاکی اسٹکس اور دیگر سامان کی فراہمی کا بنیادی مقصد طلبہ میں کھیل کا شوق پیدا کرنا، گراس روٹ سے نئے ٹیلنٹ کو تلاش کرنا اور مستقبل کے باصلاحیت کھلاڑی تیار کرنا ہے۔

تقریب کے اختتام پر فیصل آباد ریجن کے  اسکولوں کے نمائندوں میں ہاکی کا مکمل سامان تقسیم کیا گیا۔ مقامی تعلیمی و سماجی حلقوں نے پی ایچ ایف کے اس اقدام کو فیصل آباد ریجن سمیت ملک میں ہاکی کے روشن مستقبل اور نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کے لیے انتہائی اہم اور مثبت پیش رفت قرار دیا۔