کوہاٹ؛ نجی اسکول مالک کا 12 سالہ بچے پر تشدد،  حالت تشویشناک

متاثرہ بچے کو علاج کے لیے مقامی کے ڈی اے اسپتال منتقل کردیا گیا



کوہاٹ:

کوہاٹ کے علاقے خٹک کالونی میں واقع نجی اسکول کے مالک  نے  مبینہ طور پر 12 سے 13 سالہ بچے  کو تشدد کا نشانہ بنا کر زخمی کردیا۔

واقعے کے بعد متاثرہ بچے کو تشویشناک حالت میں علاج معالجے کے لیے مقامی کے ڈی اے اسپتال منتقل کردیا گیا۔ اطلاع ملنے پر ڈی پی او کوہاٹ ایس ایس پی رائے مظہر اقبال نے فوری نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ پولیس افسران کو ملزم کی گرفتاری اور قانونی کارروائی کے احکامات جاری کیے۔

ڈی پی او کی ہدایات پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے نامزد ملزم احمد کو گرفتار کرلیا۔

اس موقع پر ڈی پی او کوہاٹ ایس ایس پی رائے مظہر اقبال کا کہنا تھا کہ بچوں اور خواتین پر تشدد کسی بھی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ قانون کو ہاتھ میں لینے والے عناصر کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔