سہ روزہ 32ویں قومی مینز کراٹے چیمپئن شپ پاکستان آرمی نے جیت لی، پاکستان واپڈا 18 ویں قومی ویمنز کراٹے چیمپئن شپ کی فاتح رہی۔
سندھ یوتھ کلب گلستان جوہر میں سندھ حکومت کے محکمہ کھیل و امور نوجوانان کی میزبانی میں ہونے والی چیمپئن شپ کے مینز مقابلوں میں پاکستان آرمی نے 8 گولڈ ایک سلور اور 2 برانز میڈلز کے ساتھ پہلی پوزیشن اپنے نام کی۔
پاکستان واپڈا 2گولڈ،4سلور اور 3 میڈلز کے ساتھ دوسری پوزیشن پانے میں کامیاب رہی، سندھ نے 2گولڈ،ایک سلور اور ایک برانز میڈلز سے تقویت پاکر تیسری پوزیشن اپنے نام کی،پاکستان واپڈا نے 5گولڈ،1 سلور اور 2 برانز میڈلز حاصل کرکے پہلی پوزیشن پائی، پاکستان آرمی دوسرے نمبر پر آئی جس نے 3 گولڈ 2 سلور اور 3 برانز میڈل حاصل کیے۔
ایچ ای سی نے ایک گولڈ،2 سلور اور 3 برانز میڈلز کے ساتھ تیسری پوزیشن پر قبضہ کیا، خیبر پختونخوا نے چوتھی اور سندھ نے 5ویں پوزیشن حاصل کی۔
اختتامی تقریب میں مہمان خصوصی سیکریٹری کھیل منور علی مہیسر نےانعامات تقسیم کیے،افتتاحی تقریب میں ایڈیشنل سیکریٹری کھیل ڈاکٹر اسداسحاق، ڈائریکٹر یوتھ سید حبیب اللہ، پاکستان کراٹے فیڈریشن کی سی ای او عندلیب سندھو، چیئرمین جہانگیر خان نے بھی اظہار خیال کیا۔
اس موقع پر سیکریٹری کھیل منور علی مہیسر نے کہا کہ سندھ حکومت کھیلوں کے فروغ اور نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کے مواقع فراہم کرنے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے،نیشنل کراٹے چیمپئن شپ کی میزبانی سندھ کے لیے اعزاز رہی۔
محکمہ کھیل سندھ کا مقصد نوجوانوں کو اپنی صلاحیتیں منوانے کے لیے بہترین پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے،محکمہ کھیل آئندہ بھی مختلف کھیلوں کے مقابلوں کے انعقاد اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔
سندھ کے لیے گولڈ میڈل جیتنے والے کھلاڑیوں کو 6 ماہ کے لیے وظیفہ اور ونود انعام کا بھی اعلان کیا،نیشنل کراٹے چیمپئن شپ میں 400 سے زائد بوائز اور گرلز کھلاڑی نے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا، تقریب میں سندھ کراٹے ایسوسی ایشن کے چیئرمین نسیم قریشی، وسیم قریشی اور دیگر موجود تھے۔