ارجنٹینا کے گول کیپر نے اپنی ہی ٹیم کے خلاف عجیب و غریب طریقے سے گول کر کے مداحوں کو حیرت میں ڈال دیا۔ واقعے کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔
ارجنٹینا میں کمیونیکاسیونز اور آرسنل کے درمیان پریمیرا بی پلے آف مقابلے کے دوران 30 سالہ گول کیپر ایزیکوئیل باچر نے اپنے ہی گول میں گیند پھینک کر حریف ٹیم کا غیر متوقع گول اسکور کیا۔
واقعے کے مطابق حریف ٹیم کی جانب سے آنے والے ایک کمزور کراس کو باچر نے باآسانی پکڑ لیا جس کے بعد وہ گیند اپنے ساتھی کھلاڑی کی جانب پھینکنے لگے۔
اس وقت دونوں ٹیموں کے کھلاڑی پنالٹی ایریا سے باہر نکل چکے تھے لیکن گیند پھینکتے ہوئے گول کیپر سے ایسی غلطی ہوئی جس کی کسی کو توقع نہیں تھی۔
باچر گیند کو ہاتھ سے صحیح وقت پر چھوڑنے میں ناکام رہے اور گیند ساتھی کھلاڑی کی جانب جانے کے بجائے سیدھی ان کے اپنے ہی گول میں جا پہنچی۔
گول کیپر کی اس غیر معمولی غلطی نے میدان میں موجود کھلاڑیوں اور فٹبال شائقین کو حیران کر دیا جبکہ واقعے کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر توجہ حاصل کر رہی ہے۔