ترکیہ کے شہر استنبول میں تاریخی مسجد آیا صوفیہ کے نیچے صدیوں پرانے زیرِ زمین سرنگوں کے نظام سے تقریباً 3000 ٹن ملبہ ہٹانے کے بعد ایسے خفیہ راستے سامنے آگئے ہیں جو طویل عرصے سے مٹی اور ملبے تلے دبے ہوئے تھے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ماہرینِ آثارِ قدیمہ نے ان سرنگوں کی کھدائی اور صفائی کا کام فروری 2025 میں شروع کیا تھا جس کے نتیجے میں تاریخی مقام کے ان حصوں تک رسائی ممکن ہوئی ہے جہاں پہلے پہنچنا مشکل تھا۔
ماہرِ آثارِ قدیمہ حسن فرات دیکر نے 16 اکتوبر کو استنبول میں ایک پریزنٹیشن کے دوران انکشاف کیا کہ تقریباً 1600 سال قدیم یہ سرنگیں رومی دور میں تعمیر کی گئی تھیں۔
ان کے مطابق یہ سرنگیں ماضی میں شہر کے پانی کی ترسیل اور نکاسیِ آب کے نظام کا حصہ تھیں جبکہ انہیں زیرِ زمین محفوظ گزرگاہوں کے طور پر بھی استعمال کیا جاتا تھا۔
ماہرین کے مطابق زیرِ زمین موجود بعض ڈھانچے موجودہ آیا صوفیہ کی تعمیر سے بھی قدیم ہیں۔ واضح رہے کہ موجودہ آیا صوفیہ 537 عیسوی میں بازنطینی شہنشاہ جسٹینین اوّل کے دور میں مکمل ہوئی تھی۔
اگرچہ اس زیرِ زمین نظام کے بارے میں ماہرین کئی دہائیوں سے جانتے تھے لیکن اس کے بیشتر حصوں تک رسائی ممکن نہیں تھی۔ حالیہ کھدائی اور صفائی کے بعد محققین کو اس تاریخی مقام کے پوشیدہ حصوں کا تفصیلی جائزہ لینے کا موقع مل رہا ہے۔
ماہرین کے مطابق یہ دریافت رومی اور بازنطینی دور کے شہری نظام، تعمیراتی مہارت اور تاریخ کو سمجھنے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔