امریکا: گھر کا سودا خریدنے گئی خاتون نے بڑی لاٹری جیت لی

غیر یقینی کی کیفیت میں مبتلا خاتون نے انعام کی تصدیق کے لیے ٹکٹ کو تین مرتبہ اسکین کیا


ویب ڈیسک November 15, 2026

امریکی ریاست مشی گن کی 61 سالہ خاتون الیسا مور کی قسمت اس وقت چمک اٹھی جب وہ گروسری اسٹور سے خریداری کے بعد واپسی پر پاور بال لاٹری کا ٹکٹ خرید کر 10 لاکھ ڈالر کا انعام جیت گئیں۔

مشی گن لاٹری حکام کے مطابق ہیزل پارک کی رہائشی الیسا مور نے 19 اکتوبر کی پاوربال قرعہ اندازی کے لیے رائل اوک کے علاقے میں ایسٹ 12 مائل روڈ پر واقع کروگر اسٹور سے لاٹری ٹکٹ خریدا تھا۔

الیسا مور نے بتایا کہ خریداری کے بعد اسٹور سے نکلتے ہوئے انہوں نے لاٹری کیوسک سے ایک پاوربال ٹکٹ خریدا۔ اگلے روز انہوں نے مشی گن لاٹری کی موبائل ایپ کے ذریعے ٹکٹ اسکین کرکے نتیجہ چیک کیا تو فون کی اسکرین پر 10 لاکھ ڈالر کا انعام دیکھ کر حیران رہ گئیں۔

ان کا کہنا تھا کہ انہیں اپنی آنکھوں پر یقین نہیں آیا اور انہوں نے انعام کی تصدیق کے لیے ٹکٹ کو دوبارہ بلکہ تیسری مرتبہ بھی اسکین کیا۔

لاٹری حکام کے مطابق الیسا مور کے ٹکٹ پر قرعہ اندازی میں نکلنے والے پانچوں سفید گیندوں کے نمبرز درست تھے، جو 08، 31، 32، 42 اور 48 تھے۔

خاتون نے بتایا کہ وہ انعامی رقم سے اپنے گھر کا رہائشی قرض ادا کریں گی جبکہ باقی رقم مستقبل کے لیے محفوظ رکھیں گی۔