ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز: دفاعی چیمپئن پاکستان شاہینز ایونٹ میں شرکت کیلیے دوحہ روانہ

50 اوورز پر مشتمل ٹورنامنٹ 19 سے 29 نومبر تک قطر میں کھیلا جائے گا


اسپورٹس ڈیسک November 16, 2026

پاکستان شاہینز کی ٹیم اے سی سی مینز ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز میں شرکت کے لیے کراچی سے دوحہ روانہ ہوگئی۔

تفصیلات کے مطابق دفاعی چیمپئن پاکستان شاہینز کی قیادت عبدالصمد کریں گے۔

انڈر 19 ایشیا کپ کے لیے عمان میں موجود علی رضا اور فرحان یوسف دوحہ میں اسکواڈ کو جوائن کریں گے۔

50 اوورز پر مشتمل ٹورنامنٹ 19 سے 29 نومبر تک قطر میں کھیلا جائے گا۔

پاکستان شاہینز 20 نومبر کو پہلے میچ میں متحدہ عرب امارات کے مدمقابل ہوگی۔ 22 نومبر کو روایتی حریف بھارت اے اور 24 نومبر کو نیپال کے خلاف میدان میں اترے گی۔

 پاکستان شاہینز کے کپتان عبدالصمد کا روانگی سے قبل کہنا تھا کہ ٹورنامنٹ کے لیے ہماری تیاریاں اچھی رہی ہیں، پریکٹس سیشنز میں مختلف میچ صورتحال کے مطابق تیاری کی ہے۔

عبدالصمد نے کہا کہ پہلا میچ جیت کر ٹورنامنٹ میں فتوحات کا تسلسل برقرار رکھنے کی کوشش کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہر کھلاڑی اپنی ذمہ داری سے آگاہ ہے، منصوبوں پر عمل درآمد سے اچھے نتائج کے لیے پُرامید ہیں۔