آئی سی سی نے 2035 تک بڑے عالمی کرکٹ ایونٹس کے شیڈول کی منظوری دے دی، 2028 ٹی 20 ورلڈ کپ، 2031 ون ڈے ورلڈ کپ اور دیگر ٹورنامنٹس کے کوالیفائنگ فارمیٹس بھی طے کرلیے گئے۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے بورڈ نے اتوار کو انڈونیشیا کے شہر بالی میں ہونے والے اجلاس میں عالمی کرکٹ ایونٹس کے شیڈول، مقابلوں کے فارمیٹس اور کوالیفائنگ کے طریقہ کار کی منظوری دی۔
منظور شدہ شیڈول کے مطابق 2028 کا ٹی 20 ورلڈ کپ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں 12 اکتوبر سے 12 نومبر تک کھیلا جائے گا جبکہ 2029 کی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا فائنل انگلینڈ میں 8 سے 12 جون تک ہوگا۔ اسی سال چیمپئنز ٹرافی 9 سے 28 اکتوبر تک بھارت میں ہوگی۔
2030 کا ٹی 20 ورلڈ کپ انگلینڈ، آئرلینڈ اور اسکاٹ لینڈ میں 4 جولائی سے 4 اگست تک کھیلا جائے گا۔ 2031 کا ون ڈے ورلڈ کپ بھارت اور بنگلادیش میں 9 اکتوبر سے 23 نومبر تک ہوگا۔ اس کے علاوہ 2032 اور 2034 کے ٹی 20 ورلڈ کپ جبکہ 2033 کی چیمپئنز ٹرافی کے میزبان ممالک کا فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔

ورلڈ کپ 2027 کا کوالیفائنگ مرحلہ
آئی سی سی کے مطابق 2027 کے ون ڈے ورلڈ کپ کا کوالیفائر فروری سے مارچ 2027 تک ہوگا، جس میں 10 ٹیمیں حصہ لیں گی اور مجموعی طور پر 23 میچز کھیلے جائیں گے۔ ٹورنامنٹ کے ٹاپ چار ٹیمیں ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کریں گی جبکہ ان میں سے فاتح ٹیم براہ راست گروپ مرحلے میں جگہ بنائے گی۔
2028 کے ٹی 20 ورلڈ کپ کے لیے کوالیفکیشن
2028 کے ٹی 20 ورلڈ کپ کا 16 ٹیموں پر مشتمل گلوبل کوالیفائر 2028 کی پہلی سہ ماہی میں ہوگا۔ اس میں چار گروپس بنائے جائیں گے اور مجموعی طور پر 31 میچز کھیلے جائیں گے۔ اس ٹورنامنٹ سے آٹھ ٹیمیں ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کریں گی۔
لاس اینجلس اولمپکس 2028 کے کوالیفائر
آئی سی سی نے لاس اینجلس اولمپکس 2028 کے لیے بھی کوالیفائنگ ایونٹس کے شیڈول کی منظوری دے دی ہے۔ مردوں کا کوالیفائر 5 سے 13 فروری 2028 تک امریکا میں جبکہ خواتین کا کوالیفائر 26 فروری سے 5 مارچ 2028 تک بنگلادیش میں ہوگا۔
دونوں کوالیفائنگ ایونٹس میں آٹھ، آٹھ ٹیمیں حصہ لیں گی اور ہر ایونٹ کی فاتح ٹیم لاس اینجلس اولمپکس کے لیے آخری دستیاب کوالیفائنگ نشست حاصل کرے گی۔
آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو سنجوگ گپتا کے مطابق ان فیصلوں کا مقصد عالمی کرکٹ میں مزید مواقع پیدا کرنا، ایسوسی ایٹ رکن ممالک کی شرکت بڑھانا اور کھلاڑیوں کو مستقبل کی تیاری کے لیے طویل المدتی منصوبہ بندی کا موقع فراہم کرنا ہے۔