ایران اور حوثیوں سے ممکنہ حملوں کا خدشہ، امریکا نے بحرین میں اپنے شہریوں کو ہنگامی الرٹ جاری کردیا

امریکی شہریوں کو پروازوں کی منسوخی، فضائی حدود کی بندش اور سفری سرگرمیوں میں رکاوٹوں کے لیے تیار رہنے کا مشورہ دیا ہے


ویب ڈیسک November 16, 2026

منامہ: بحرین میں امریکی سفارت خانے نے اپنے شہریوں کو خطے میں ممکنہ مسلح حملوں کے بڑھتے ہوئے خطرات کے پیش نظر غیر معمولی احتیاط برتنے کی ہدایت کردی ہے۔

امریکی سفارت خانے نے سکیورٹی الرٹ میں خبردار کیا ہے کہ ایران کے حمایت یافتہ حوثی گروپ اور خطے میں امریکی سرکاری حکام اور تنصیبات کو نشانہ بنانے کی مبینہ ایرانی کوششوں کے باعث سکیورٹی صورتحال مزید کشیدہ ہوسکتی ہے۔

سفارت خانے نے امریکی شہریوں کو ممکنہ سکیورٹی الرٹس، پروازوں کی منسوخی، فضائی حدود کی بندش اور سفری سرگرمیوں میں رکاوٹوں کے لیے پہلے سے تیار رہنے کا مشورہ دیا ہے۔

امریکی سفارت خانے کے مطابق ایران کے حمایت یافتہ حوثی گروپ ماضی میں سعودی عرب کے خلاف کارروائیوں میں ملوث رہے ہیں، جن میں شہری ہوائی اڈوں اور اہم تنصیبات کو نشانہ بنانے کے واقعات بھی شامل ہیں۔

سفارت خانے نے دعویٰ کیا کہ ان حملوں کے نتیجے میں شہریوں کا جانی نقصان ہوا اور فضائی سفر سمیت دیگر سفری سرگرمیاں شدید متاثر ہوئیں۔ اس نے خبردار کیا کہ خطے کی صورتحال تیزی سے بگڑ سکتی ہے۔

امریکی سفارت خانے نے مشرقِ وسطیٰ آنے یا یہاں سے روانہ ہونے والے اپنے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ہوائی اڈوں اور ایئرلائنز کی تازہ صورتحال پر نظر رکھیں۔

شہریوں کو یہ بھی مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ پروازوں میں ممکنہ تبدیلیوں یا سفری پابندیوں کی صورت میں متبادل انتظامات اور ہنگامی منصوبے پہلے سے تیار رکھیں۔