نئی دہلی: بھارتی ریاست راجستھان کے علاقے سری گنگا نگر میں ریلوے دھماکے کے معاملے پر پاکستان کی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی کے مبینہ کردار سے متعلق الزامات کو ایک رپورٹ میں مسترد کرتے ہوئے واقعے کو مقامی جرائم پیشہ نیٹ ورکس سے جوڑنے کا مؤقف اختیار کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق اس کیس میں گرفتار ہونے والے افراد مہک دیپ کور اور دیویندر سنگھ کا تعلق پنجاب کے ضلع گورداسپور سے بتایا گیا ہے۔
اس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ گرفتار افراد، دھماکا خیز مواد اور مبینہ جرائم پیشہ گروہوں کے روابط مقامی سطح پر موجود ہیں، اس لیے پاکستان کو ذمہ دار ٹھہرانے سے پہلے ٹھوس شواہد پیش کیے جانے چاہییں۔
تحریر میں بھارتی میڈیا، خصوصاً زی نیوز، پر تنقید کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ سری گنگانگر دھماکے کو پاکستان سے جوڑنے کے لیے قابلِ تصدیق شواہد سامنے نہیں لائے گئے۔
اس میں یہ دعویٰ بھی کیا گیا ہے کہ 2026 کے دوران بھارت میں پیش آنے والے 100 سے زائد واقعات میں آئی ایس آئی کے ملوث ہونے کے الزامات عائد کیے جاچکے ہیں۔ ہر مقامی جرم یا سکیورٹی ناکامی کا الزام پاکستان پر ڈالنے کے بجائے بھارتی پولیس اور انٹیلی جنس اداروں کو اپنے نظام کی خامیوں کا جائزہ لینا چاہیے۔
رپورٹ میں پنجاب کے سرحدی علاقوں میں منشیات اور جرائم پیشہ گروہوں کی سرگرمیوں کو بھی سکیورٹی چیلنج قرار دیا گیا ہے۔ اس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ مقامی جرائم کی تحقیقات کو غیر مصدقہ بیرونی الزامات سے متاثر نہیں ہونا چاہیے۔