یورپی ملک لتھوانیا کے دارالحکومت ولنیئس میں مبینہ برطانوی سیاحوں کی جانب سے جیسس کرائسٹ کا سنہری مجسمہ چوری کر کے توڑنے کا واقعہ پیش آیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق واقعہ ولنیئس کے قدیم علاقے میں واقع 15ویں صدی کے شرائن آف ڈیوائن مرسی چرچ میں پیش آیا جہاں دو افراد نے چرچ کے صحن میں نصب صلیب سے مجسمہ اتار لیا۔
سی سی ٹی وی فوٹیج میں دونوں افراد کو ہنستے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، جبکہ ایک شخص مجسمہ اٹھائے لڑکھڑا رہا تھا اور دوسرا موبائل فون سے ویڈیو بنا رہا تھا۔
اسی دوران مجسمے کے بازو ٹوٹ گئے اور کچھ ہی دیر بعد وہ زمین پر گر کر ٹکڑے ٹکڑے ہو گیا جس کے بعد دونوں افراد موقع سے فرار ہو گئے۔
چرچ کے پادری نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہریوں سے ملزمان کی شناخت میں مدد کی اپیل کی۔
مقامی پولیس کے مطابق واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہے جبکہ مجسمے کو پہنچنے والے نقصان کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے۔