غزہ میں اسرائیلی حملے، مزید 3 فلسطینی شہید

حملے کا نشانہ بننے والی جگہ وزارتِ معیشت کی ایک چوکی تھی


ویب ڈیسک November 16, 2026

غزہ کی پٹی میں اسرائیلی فوج کے فضائی اور ڈرون حملوں کے نتیجے میں مزید 3 فلسطینی ہلاک ہوگئے، جبکہ متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔

طبی ذرائع کے مطابق دو فلسطینی جنوبی غزہ میں رفح کے قریب اسرائیلی ڈرون حملے کا نشانہ بنے، جبکہ تیسرا شہری گزشتہ حملے میں زخمی ہونے کے بعد اسپتال میں دم توڑ گیا۔

ترک خبر رساں ادارے انادولو کے مطابق یہ واقعات اتوار، 15 نومبر 2026ء کو پیش آئے، جبکہ ان کی تفصیلات پیر، 16 نومبر کو جاری کی گئیں۔

طبی ذرائع کے مطابق اسرائیلی ڈرون نے جنوبی غزہ کے علاقے المواصی میں مسجد معاویہ کے قریب ایک مقام کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں احمد سعید فتحی عابدین اور معتز حاجی ہلاک ہوگئے، جبکہ متعدد افراد زخمی ہوئے۔

غزہ کی کراسنگ اتھارٹی کے ایک اہلکار کے مطابق حملے کا نشانہ بننے والی جگہ وزارتِ معیشت کی ایک چوکی تھی، جہاں سے کرم ابو سالم سرحدی گزرگاہ کے ذریعے غزہ میں داخل ہونے والے تجارتی سامان سے لدے ٹرکوں کی نگرانی کی جاتی تھی۔

ہلاک ہونے والے 34 سالہ احمد سعید عابدین بھی اسی مقام پر خدمات انجام دے رہے تھے۔