خیبر پختونخوا میں ٹیرر کرائم گٹھ جوڑ بے نقاب ہوگیا۔ پولیس پر حملے میں ملوث مارا گیا دہشتگردافغان شہری نکلا۔
کے پی کے میں گزشتہ صوبائی حکومت کی سرپرستی میں جاری غیر قانونی گولڈ مائننگ اور دہشتگردی کے گٹھ جوڑ کے اہم شواہد سامنے آگئے۔ 11 نومبر کو کوہاٹ میں غیرقانونی گولڈ مائننگ مافیا کیخلاف کارروائی کے دوران فتنۃ الخوارج کے دہشتگرد حملے میں پولیس کے بہادر جوان شہید ہوئے تھے۔
انٹیلی جنس ذرائع کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں ہلاک فتنۃ الخوارج کے دہشتگردوں میں سے ایک کی شناخت بطور افغان شہری مکمل جبکہ 4 کی شناخت کا عمل جاری ہے۔ انٹیلی جنس ذرائع کے مطابق افغان دہشتگرد کی شناخت کابل میں افغان طالبان سرغنہ کے پرسنل گارڈ کے طور پر ہوئی ہے
انٹیلی جنس ذرائع کے مطابق دیگر دہشتگردوں کی تصاویر اور دستیاب معلومات کا تجزیہ کرکے ان کی شناخت کے لیے بھی انٹیلی جنس بنیادوں پر کام جاری ہے۔
گورنر خیبر پختونخوا کے مطابق صوبے میں ہونے والی غیر قانونی مائننگ کا 80 فیصد حصہ افغانستان جا رہا تھا۔ کوآرڈینٹر وزیراعظم اختیار ولی نے بھی سابق صوبائی حکومت کی سرپرستی میں افغان طالبان کمانڈرز کو یوتھ کمیٹی میں شامل کرکے غیر قانونی گولڈ مائننگ میں استعمال کیے جانے کا انکشاف کیا ہے۔
وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر اختیار ولی کے مطابق دہشتگرد عناصر غیر قانونی کان کنی میں ملوث افراد سے ماہانہ 7 لاکھ روپے جبکہ بیرونِ علاقے سے آنے والے مائنرز سے 11 لاکھ روپے بھتہ وصول کرتے تھے۔
سیکیورٹی تجزیہ کاروں کے مطابق شواہد سے ثابت ہوتا ہے کہ خیبر پختونخوا کی گزشتہ حکومت، فتنۃ الخوارج اورافغان طالبان خیبرپختونخوا میں غیرقانونی گولڈ مائننگ میں ملوث رہے ہیں۔ موجودہ صوبائی حکومت کے افغان سرپرستی میں دہشتگرد تنظیم فتنۃ الخوارج کے خلاف اقدامات عوامی وسائل کو لوٹنے والوں کے لیے دوٹوک پیغام ہیں۔