کراچی: انڈس ہسپتال میں ریبیز سے متاثرہ 5 سالہ بچی انتقال کر گئی

نیو سبزی منڈی کی رہائشی بچی کو تقریباً تین ماہ قبل آوارہ کتے نے چہرے اور سینے پر کاٹا تھا، ترجمان انڈس ہسپتال


فاران خان November 16, 2026

کراچی:

انڈس اسپتال کراچی میں ریبیز سے متاثرہ 5 سالہ بچی انتقال کرگئی۔

ترجمان انڈس اسپتال کے مطابق بچی کا تعلق فقیرہ گوٹھ نیو سبزی منڈی کراچی سے تھا، بچی کو تقریباً تین ماہ قبل آوارہ کتے نے چہرے اور سینے پر کاٹا تھا۔

لواحقین کے مطابق بچی کو علاج کے لیے ایک نجی کلینک لے جایا گیا جہاں ابتدائی طبی امداد کے دوران زخموں کی مناسب صفائی نہیں کی گئی۔

اسپتال انتظامیہ کے مطابق بچی کو اینٹی ریبیز ویکسین نہیں لگائی گئی اور نہ ہی مزید علاج کے لیے کسی اسپتال منتقل کیا گیا۔ بچی کو 15 نومبر کو ریبیز کی علامات ظاہر ہونے پر انڈس اسپتال کراچی میں داخل کیا گیا تھا، جہاں وہ انتقال کرگئی۔

اسپتال انتظامیہ کے مطابق رواں سال انڈس اسپتال میں کتے کے کاٹنے سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 30 ہوگئی ہے جبکہ جنوری سے اب تک کتے کے کاٹنے کے 17 ہزار سے زائد نئے مریض اسپتال لائے جاچکے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ریبیز سے ہونے والی ہلاکت سے محکمہ صحت سندھ اور چیف سیکریٹری آفس کو آگاہ کردیا گیا ہے۔