راولپنڈی:
ہولی فیملی اسپتال راولپنڈی میں مالی بے ضابطگیوں، ادویات کی قلت اور بد انتظامی کا انکشاف ہوا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کی انسپکشن ٹیم کی رپورٹ میں ادویات کی خریداری کے طریقہ کار، عملے کی غیرحاضری اور مریضوں کو طبی سہولیات کی عدم فراہمی پر سنگین سوالات اٹھائے گئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق اسپتال میں روزانہ پانچ سے سات لاکھ روپے کی ادویات لوکل پرچیز کی جارہی ہیں جبکہ صرف چار ماہ میں کوٹیشن کے ذریعے دس کروڑ روپے کی خریداری کی گئی۔
انسپکشن رپورٹ کے مطابق ہولی فیملی اسپتال میں ایک سو دس اقسام کی ادویات اور اسی سے نوے اقسام کے سرجیکل سامان کی قلت ہے۔
ایمرجنسی فارمیسی میں ادویات کے ریکارڈ اور دستیاب اسٹاک میں واضح فرق سامنے آیا ہے جبکہ گائنی وارڈ میں ضروری ادویات اور طبی سامان نہ ہونے کے باعث مریضوں کو بازار سے ادویات خریدنے پر مجبور ہونا پڑ رہا ہے۔
رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ اسپتال میں الٹراساؤنڈ کے لیے ڈیڑھ سے دو ماہ تک انتظار کرنا پڑتا ہے جبکہ ہسٹولوجی ماہر کی عدم موجودگی کے باعث بائیوپسی رپورٹس میں تاخیر ہورہی ہے۔
ایک بچے کی بائیوپسی کا نمونہ ضائع ہونے اور دو ماہ انتظار کے باوجود رپورٹ نہ ملنے کی شکایت بھی سامنے آئی ہے۔
انسپکشن ٹیم کے مطابق اسپتال میں بستروں کی کمی کے باعث ایمرجنسی مریض راہداریوں میں زمین پر پڑے رہتے ہیں جبکہ حاملہ خواتین کو او پی ڈی میں ڈاکٹر تک رسائی کے لیے چار گھنٹے تک انتظار کرنا پڑتا ہے۔
صفائی کے ٹھیکے میں بھی مبینہ بے ضابطگیوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق 214 اہلکاروں کے بجائے صرف 40 سے 50 فیصد عملہ تعینات ہے جبکہ سکیورٹی کے سو اہلکاروں کے ٹھیکے کے مقابلے میں صرف بیس اہلکار موجود پائے گئے۔
اسپتال کے 431 آئٹمز پر مشتمل پہلے ٹینڈر میں بھی صرف 195 آئٹمز فائنل کیے گئے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی انسپکشن ٹیم نے اپنی رپورٹ میں اسپتال کی خریداری کے نظام، اسٹور مینجمنٹ، عملے کی حاضری اور مریضوں کو بنیادی طبی سہولیات کی فراہمی پر سنگین تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
رپورٹ کے مندرجات نے سرکاری اسپتالوں میں انتظامی نگرانی اور مریضوں کو معیاری علاج کی فراہمی کے حوالے سے اہم سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔