عمران خان کا چیف جسٹس کو خط دراصل این آر او کی درخواست ہے، طارق فضل چوہدری

عمران خان اس وقت پاکستان کے سب سے زیادہ سہولت یافتہ قیدی ہیں، ان کے خرابی صحت سے متعلق خط میں کیے گئے دعوے درست نہیں


اسٹاف رپورٹر November 16, 2026

اسلام آباد:

وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے جیل سے چیف جسٹس صاحبان کو جو خط لکھا وہ حقائق کے منافی ہے، یہ خط دراصل این آر او کی درخواست ہے، دوسروں کو این آر او کا طعنہ دینے والے آج خود اس کے طلب گار ہیں۔

پارلیمنٹ چیمبر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان کو ریلیف صرف عدالتوں سے مل سکتا ہے، وہ سیاسی انتقام کے باعث جیل میں نہیں ہیں، 190 ملین پاؤنڈ کرپشن کیس میں سزا کے بعد سے قید میں ہیں، 190 ملین پاؤنڈ قومی خزانے میں آنے تھے مگر کسی اور کے اکاؤنٹ میں بھیجے گئے جس نے انہیں 190 ملین پاؤنڈ کے عوض ساڑھے چار سو کنال زمین تحفے میں دی۔

طارق فضل چوہدری نے کہا کہ 190 ملین پاؤنڈ کرپشن کیس واضح اور ٹھوس شواہد پر مبنی ہے، خط میں طبی سہولتوں کی عدم فراہمی اور عدالتی احکامات پر عمل درآمد نہ ہونے کے الزامات بے بنیاد ہیں، عمران خان کی 22 گھنٹے قیدِ تنہائی، کتابوں اور ٹیلی ویژن کی عدم دستیابی سے متعلق دعوے درست نہیں، انہیں جیل میں تمام سہولتیں فراہم ہیں، ان کی پسند کا کھانا بھی دیا جاتا ہے۔

طارق فضل چوہدری نے کہا کہ عمران خان اس وقت پاکستان کے سب سے زیادہ سہولت یافتہ قیدی ہیں، ان کی صحت سے متعلق خط میں کیے گئے دعوے درست نہیں، ان کی صحت کا ہفتہ وار بنیاد پر طبی ماہرین جائزہ لیتے اور معائنہ کرتے ہیں، طبی ماہرین کی ضرورت پر عمران خان کا جیل سے باہر بہترین طبی سہولت میں معائنہ کرایا جاتا ہے،ان کو آٹھ مرتبہ پمز میں بہترین طبی سہولت کے ساتھ معائنے کے لیے دکھایا گیا۔

طارق فضل چوہدری نے کہا کہ ڈاکٹروں نے عمران خان کی صحت کو تسلی بخش قرار دیا، ان کے بلڈ پریشر کے معائنے کے لیے لندن سے ایسے ڈاکٹر کو بلایا گیا جو پاکستان میں بھی پریکٹس کرتے ہیں، ان کا بلڈ پریشر تسلی بخش ہے، ان کی جیل میں سہولتوں، طبی دیکھ بھال اور صحت کا خیال رکھنا حکومت کی ذمہ داری ہے اور حکومت نے اس دیکھ بھال میں نہ پہلے غفلت برتی اور نہ آئندہ کسی غفلت کا مظاہرہ کیا جائے گا۔