کراچی؛ کار سوار خاتون کی ٹکر سے زخمی بزرگ شہری دوران علاج دم توڑ گیا

حادثے کے بعد خاتون کی شہریوں اور ٹریفک پولیس اہلکاروں سے الجھنے کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی


ساجد رؤف November 16, 2026

کراچی:

راشد منہاس روڈ پر جوہر موڑ فلائی اوور کے قریب کار کی ٹکر سے شدید زخمی ہونے والے 70 سالہ بزرگ شہری شاہین مرزا 20 روز بعد دوران علاج دم توڑ گیا۔

اہلخانہ کے مطابق حادثے کے روز ان کی موٹر سائیکل بھی چھین لی گئی تھی اور وہ ایف آئی آر کٹوانے کے لیے شارع فیصل تھانے جانے کی غرض سے پبلک ٹرانسپورٹ کا انتظار کر رہے تھے۔

اہلخانہ کے مطابق شاہین مرزا جوہر موڑ کے علاقے سنی پرائڈ کے رہائشی تھے۔ وہ تھانے جانے کے لیے جوہر موڑ فلائی اوور کے قریب کھڑے تھے کہ اسی دوران کار سوار خاتون نے انہیں ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں ان کے سر پر شدید چوٹیں آئیں اور انہیں اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ دوران علاج دم توڑ گئے۔

حادثے کا مقدمہ شارع فیصل تھانے میں بزرگ شہری کی بھتیجی قرۃ العین کی مدعیت میں درج ہے، جس میں کار سوار خاتون ڈاکٹر عائشہ زاہد کو نامزد کیا گیا ہے۔

حادثے کے بعد خاتون کی شہریوں اور ٹریفک پولیس اہلکاروں سے الجھنے کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔