اسلام آباد:
سپریم کورٹ نے انسانی پلاسینٹا کی غیر قانونی خرید و فروخت کے مقدمے میں تین چینی باشندوں سمیت چار ملزمان کی ضمانت بعد از گرفتاری منظور کرلی۔
جسٹس شہزاد ملک اور جسٹس عقیل عباسی پر مشتمل دو رکنی بینچ نے مقدمے کی سماعت کی۔ عدالت نے ہر ملزم کو 10، 10 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے اور دو مقامی ضامن فراہم کرنے کا حکم دیا۔
سماعت کے دوران قرار دیا گیا کہ پلاسینٹا ویسٹ میٹریل ہونے کے باعث معاملہ مزید انکوائری کا متقاضی ہے۔
مقدمے کے مطابق ایف آئی اے اور ہیومن آرگن ٹرانسپلانٹ اتھارٹی نے اسلام آباد کے سیکٹر ایف سیون ون اور ای الیون میں مشترکہ کارروائیاں کی تھیں، جن کے دوران دونوں مقامات سے تقریباً 400 سے 500 کلوگرام تازہ اور خشک انسانی پلاسینٹا برآمد کیا گیا تھا۔
اس کے علاوہ اسلام آباد ایئرپورٹ پر ویتنام بھیجی جانے والی 580 کلوگرام مشتبہ کھیپ بھی روک لی گئی تھی۔ مقدمے میں مجموعی طور پر 1241 کلوگرام انسانی پلاسینٹا کی برآمدگی ظاہر کی گئی ہے۔
ایف آئی اے کے مطابق انسانی پلاسینٹا کو بھیڑ کا پلاسینٹا ظاہر کرکے ویتنام برآمد کرنے کی کوشش کی جارہی تھی۔ تفتیش میں پنجاب، خیبرپختونخوا اور اسلام آباد کے مختلف اسپتالوں اور کلینکس سے انسانی پلاسینٹا جمع کرنے کا انکشاف بھی ہوا، جبکہ اس کی پروسیسنگ، ذخیرہ کرنے اور بیرون ملک ترسیل کے لیے مبینہ نیٹ ورک کام کررہا تھا۔
ایف آئی اے نے مقدمہ ٹرانسپلانٹیشن آف ہیومن آرگنز اینڈ ٹشوز ایکٹ 2010 اور تعزیرات پاکستان کی مختلف دفعات کے تحت درج کیا تھا۔
ڈپٹی اٹارنی جنرل راجہ شفقت عباسی کے مطابق انسانی پلاسینٹا بھی متعلقہ قانون کے تحت انسانی عضو کی تعریف میں آتا ہے، جبکہ انسانی اعضاء کی تجارتی خرید و فروخت پر قانون کے تحت 10 سال قید اور 10 لاکھ روپے جرمانے کی سزا مقرر ہے۔