امریکا اور اسرائیل دنیا میں دہشت گردی پھیلا رہے ہیں؛ ایران

امریکا اور اسرائیل ایران کے خلاف فوجی کارروائیوں کے ساتھ گمراہ کن اطلاعات کی مہم بھی چلا رہے ہیں


ویب ڈیسک November 16, 2026
منجمد اثاثوں کی واپسی اور حملوں میں ہونے والے نقصانات کا ازالہ بھی معاہدے میں شامل ہے، اسماعیل بقائی

ایران نے امریکا اور اسرائیل پر ریاستی دہشت گردی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک ایرانی عہدیداروں کے قتل اور عام شہریوں پر حملوں میں ملوث ہیں۔

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر بیان میں کہا کہ امریکا اور اسرائیل ایران کے خلاف فوجی کارروائیوں کے ساتھ گمراہ کن اطلاعات کی مہم بھی چلا رہے ہیں جس کا مقصد مغربی ممالک میں ایران کو عام شہریوں کے لیے خطرہ بنا کر پیش کرنا ہے۔

ایرانی ترجمان نے کہا کہ فرانس میں سامنے آنے والے نام نہاد ریفریجریٹر واقعات اور امریکی عہدیداروں کے قتل کی مبینہ ایرانی سازشوں سے متعلق خبریں اسی مہم کا حصہ ہیں۔

ان کا دعویٰ تھا کہ اسرائیل ایسی اطلاعات کے ذریعے امریکی اور یورپی عوام میں خوف پیدا کرنا اور جنگ میں مزید شدت کے لیے حمایت حاصل کرنا چاہتا ہے۔

ایرانی ترجمان نے کہا کہ یہ مہم ایسے وقت میں چلائی جا رہی ہے جب امریکا اور یورپ میں جنگ کی مخالفت بڑھ رہی ہے۔

اسماعیل بقائی نے امریکی حکام کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جنگ میں فتح کے دعوے کرنے والے امریکی عہدیدار اب فوجی پناہ گاہوں میں منتقل ہو رہے ہیں تاکہ عوام کی ہمدردیاں حاصل کی جاسکیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ایران اپنے مخالفین کو شکست دینے کے لیے ان جیسے طریقے اختیار کرنے کا محتاج نہیں اور نہ ہی عام شہریوں کی روزمرہ زندگی متاثر کرنا چاہتا ہے۔