فلمی دنیا میں کئی ماہ سے جاری قیاس آرائیوں کا خاتمہ کرتے ہوئے ایمیزون ایم جی ایم اسٹوڈیوز نے پیر کو نئے جیمز بانڈ کے نام کا اعلان کردیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ہالی ووڈ کے معروف اداکار رابرٹ پیٹنسن نے ایک اور بڑی کامیابی اپنے نام کرلی انھیں مشہور فلمی سلسلے میں جیمز بانڈ یعنی خفیہ ایجنٹ 007 کے کردار کے لیے منتخب کرلیا گیا ہے۔
وہ ڈینیئل کریگ کی جگہ لیں گے جنہوں نے 2021 میں جیمز بانڈ سیریزن کی فلم ’’نو ٹائم ٹو ڈائی‘‘ کے بعد اس کردار کو خیرباد کہہ دیا تھا۔
40 سالہ برطانوی اداکار رابرٹ پیٹنسن نے جیمز بانڈ کا کردار ملنے کو اپنی زندگی کا سب سے بڑا اعزاز قرار دیتے ہوئے کہا کہ جیمز بانڈ کا کردار ملنا ان کے خواب کی تعبیر ہے۔
یاد رہے کہ رابرٹ پیٹنسن اس کردار کو نبھانے والے سرکاری فلمی سلسلے کے ساتویں اداکار ہوں گے۔ ان سے پہلے شان کونری، جارج لیزنبی، راجر مور، ٹموتھی ڈالٹن، پیئرس بروسنن اور ڈینیئل کریگ یہ کردار ادا کرچکے ہیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ پیٹنسن نے اپنے کیریئر کا آغاز فلم ’’ہیری پوٹر اینڈ دی گوبلٹ آف فائر‘‘ میں سیڈرک ڈیگوری کے کردار سے کیا تھا تاہم انہیں عالمی شہرت ’’ٹوائی لائٹ‘‘ فلموں میں ویمپائر ایڈورڈ کولن کا کردار ادا کرکے ملی۔
بعدازاں وہ ’’دی بیٹ مین‘‘ اور ’’ٹینیٹ‘‘ جیسی فلموں میں بھی اپنی اداکاری کے جوہر دکھا چکے ہیں۔
نئی جیمز بانڈ فلم کی ہدایت کاری ’’ڈیون‘‘ کے فلم ساز ڈینس ویلینیو کریں گے جبکہ ’’پیکی بلائنڈرز‘‘ کے تخلیق کار اسٹیون نائٹ اس کا سکرپٹ لکھ رہے ہیں۔ ایمی پاسکل اور ڈیوڈ ہیمن فلم کے پروڈیوسر ہوں گے۔
جیمز بانڈ کے کردار کے لیے جیک لوڈن، جوش او کونر اور کالم ٹرنر سمیت کئی اداکاروں کے نام زیرِ گردش تھے، تاہم بالآخر پیٹنسن نے یہ اہم کردار حاصل کرلیا۔ فلم کی ریلیز کی تاریخ اور دیگر اداکاروں کے ناموں کا اعلان ابھی نہیں کیا گیا۔