امیتابھ کے بعد ابھیشیک بچن کو بھی جان سے مارنے کی دھمکی

اداکاروں کی سیکیورٹی بھی انہیں کسی ممکنہ حملے سے نہیں بچا سکے گی، گولڈی ڈھلون کی دھمکی


ویب ڈیسک November 16, 2026

بالی ووڈ اداکار امیتابھ بچن اور ان کے بیٹے ابھیشیک بچن کو مبینہ طور پر گینگسٹر گولڈی ڈھلون کی جانب سے جان سے مارنے کی دھمکیاں دی گئی ہیں۔ گولڈی ڈھلون نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ کے ذریعے دعویٰ کیا ہے کہ ممبئی میں اس کے تقریباً 200 ساتھی سرگرم ہیں اور اداکاروں کی سیکیورٹی بھی انہیں کسی ممکنہ حملے سے نہیں بچا سکے گی۔

یہ دھمکی ایسے وقت سامنے آئی ہے جب چند روز قبل دہلی پولیس کے اسپیشل سیل نے لارنس بشنوئی گینگ سے مبینہ تعلق رکھنے والے دو افراد کو گرفتار کیا تھا۔ ان افراد پر سینئر اداکار اور دہلی کے ایک تاجر کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی میں ملوث ہونے کا شبہ ظاہر کیا گیا ہے۔

گولڈی ڈھلون نے اپنی پوسٹ میں دعویٰ کیا کہ وکاس ٹھاکر اور دیپک سنگھ کی گرفتاریوں سے ممبئی میں امیتابھ بچن کو نشانہ بنانے کے مبینہ منصوبے پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ اس نے اپنی دھمکی میں امیتابھ کے ساتھ ابھیشیک بچن کا نام بھی شامل کیا اور کہا کہ دونوں کی سیکیورٹی کے انتظامات کسی حملے کو روکنے میں ناکام رہیں گے۔

پولیس نے ہفتے کے روز پنجاب کے شہر جالندھر سے وکاس ٹھاکر عرف وکی اور ترن تارن سے دیپک سنگھ عرف دیپ کو گرفتار کیا تھا۔ تفتیش کاروں کو شبہ ہے کہ دونوں افراد مختلف، لیکن ممکنہ طور پر ایک دوسرے سے جڑے منصوبوں کا حصہ تھے۔ ان میں ممبئی میں امیتابھ بچن کی رہائش گاہ ’جلسہ‘ کے باہر فائرنگ کی مبینہ سازش بھی شامل ہے۔

تحقیقات سے متعلق سامنے آنے والی معلومات کے مطابق وکاس ٹھاکر کو مبینہ طور پر بھتہ خوری کی کوشش کے سلسلے میں دہلی کے ایک تاجر کو گولی مارنے کی ذمہ داری دی گئی تھی۔ پولیس ان منصوبوں اور گرفتار افراد کے ممکنہ روابط کی تحقیقات کر رہی ہے۔