سوناکشی سنہا کی نازیبا تصاویر کا معاملہ، عدالت نے گرفتار ملزم کو رہا کرنے کا حکم دے دیا

اداکارہ کی شکایت پر باندرہ پولیس نے مقدمہ درج کیا تھا


ویب ڈیسک November 16, 2026

بالی ووڈ اداکارہ سوناکشی سنہا کی مبینہ نازیبا تصاویر سے متعلق تنازع میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ ممبئی کی عدالت نے اس کیس میں گرفتار شخص کو پولیس کی تحویل میں دینے کی درخواست مسترد کرتے ہوئے اس کی رہائی کا حکم دے دیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق 39 سالہ اداکارہ کی شکایت پر باندرہ پولیس نے مقدمہ درج کیا تھا، جس کے بعد دہلی سے تعلق رکھنے والے آریان دیپک جین نامی شخص کو گرفتار کیا گیا۔ تاہم عدالت نے گرفتاری کے طریقہ کار میں قانونی خامیوں کی نشاندہی کرتے ہوئے پولیس کی جانب سے ملزم کا تین روزہ ریمانڈ حاصل کرنے کی درخواست منظور نہیں کی۔

پولیس کے مطابق آریان دیپک جین کو ہفتے 14 نومبر کو مقامی وقت کے مطابق صبح تقریباً 10 بج کر 11 منٹ پر دہلی کے علاقے شاہدرہ میں جگت پوری پولیس اسٹیشن کی حدود سے گرفتار کیا گیا تھا۔ گرفتاری کے بعد اسے ہوائی جہاز کے ذریعے ممبئی منتقل کیا گیا۔

ممبئی پہنچنے پر باندرہ پولیس نے مجسٹریٹ سے ملزم کی تین روزہ تحویل کی درخواست کی تاکہ اس سے مزید تفتیش کی جاسکے۔ تاہم مجسٹریٹ نے پولیس سے سوال کیا کہ ملزم کو دہلی سے ممبئی منتقل کرنے سے پہلے وہاں کے قریبی مجسٹریٹ کے سامنے کیوں پیش نہیں کیا گیا؟

عدالت نے گرفتاری کے قانونی طریقہ کار پر اعتراضات کے بعد پولیس کی درخواست مسترد کردی اور آریان دیپک جین کی رہائی کا حکم جاری کردیا۔ تاہم ملزم کی رہائی کے باوجود پولیس نے واضح کیا ہے کہ معاملے کی تحقیقات جاری رہیں گی۔