سونو سود بیمار اداکار شرد کپور کی عیادت کے لیے گھر پہنچ گئے

فلم ’جوش‘ سے پہچان بنانے والے شرد کپور نے حال ہی میں ایک ویڈیو پیغام میں اپنی خراب صحت سے آگاہ کیا تھا


ویب ڈیسک November 16, 2026

بالی ووڈ اداکار اور سماجی خدمات کے حوالے سے شہرت رکھنے والے سونو سود نے علالت کا شکار اداکار شرد کپور سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی ہے۔ سونو سود کا یہ اقدام شرد کپور کی جانب سے کام اور مدد کی اپیل سامنے آنے کے بعد دیکھنے میں آیا۔

فلم ’جوش‘ سے پہچان بنانے والے شرد کپور نے حال ہی میں ایک ویڈیو پیغام میں اپنی خراب صحت اور طویل عرصے سے کام نہ ملنے پر افسوس کا اظہار کیا تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ وہ ایک اچھے اداکار ہیں اور دوبارہ کام شروع کرنا چاہتے ہیں، اس لیے انہیں مالی کے ساتھ اخلاقی اور ذہنی تعاون کی بھی ضرورت ہے۔

شرد کپور کی اپیل سامنے آنے کے محض ایک روز بعد سونو سود ان سے ملنے پہنچ گئے۔ ملاقات کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے پھیل رہی ہیں، جن میں سونو سود کو اداکار کے ساتھ بیٹھ کر ان کی خیریت دریافت کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔

ویڈیوز میں شرد کپور واکنگ فریم کی مدد سے چلتے ہوئے بھی نظر آتے ہیں۔ انہوں نے سونو سود کو اپنی ٹانگ کے علاج سے متعلق صورت حال سے آگاہ کیا۔ رپورٹس کے مطابق سونو سود نے ان کے لیے ضروری طبی سامان کا انتظام بھی کیا ہے اور وہ ذاتی طور پر ان کی صحت کی صورت حال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔

اس سے قبل شرد کپور نے انسٹاگرام پر جاری ویڈیو میں بتایا تھا کہ وہ ڈپریشن اور زندگی کے ایک مشکل دور سے گزر رہے ہیں۔ انہوں نے سینیئر اداکاروں اور فنکاروں کی تنظیم سے مدد کی اپیل کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہیں مالی، اخلاقی اور ذہنی تعاون درکار ہے۔

اداکار کا کہنا تھا کہ ان کے لیے پیسہ بنیادی مسئلہ نہیں، وہ صرف دوبارہ کام کرنا چاہتے ہیں۔ ان کے مطابق تھوڑی سی اخلاقی حمایت بھی انہیں آگے بڑھنے کا حوصلہ دے سکتی ہے۔