سمے رائنا کا ’انڈیاز گاٹ لیٹنٹ‘ تنازع کے بعد ڈپریشن کا انکشاف

سمے رائنا کو 2025 میں اپنے شو کے ایک بڑے تنازع کے بعد شدید ردعمل کا سامنا کرنا پڑا تھا


ویب ڈیسک November 16, 2026

بھارتی اسٹینڈ اپ کامیڈین سمے رائنا نے اپنے متنازع شو ’انڈیاز گاٹ لیٹنٹ‘ کے باعث پیدا ہونے والی مشکلات اور اس دوران ڈپریشن میں مبتلا ہونے کے تجربے پر پہلی مرتبہ تفصیل سے بات کی ہے۔

سمے رائنا کو 2025 میں اپنے شو کے ایک بڑے تنازع کے بعد شدید ردعمل کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ صورت حال اس حد تک خراب ہوگئی تھی کہ انہیں یوٹیوب سے شو کی تمام اقساط ہٹانا پڑیں۔ تاہم 2026 میں انہوں نے دوبارہ واپسی کرتے ہوئے پروگرام کا دوسرا سیزن پیش کیا، جس کے اختتامی حصے میں انہوں نے اپنے مشکل وقت کی روداد سنائی۔

سیزن ٹو کے فائنل میں گفتگو کرتے ہوئے سمے رائنا نے بتایا کہ تنازع کے دوران جب وہ کینیڈا میں مقیم تھے تو شدید ڈپریشن کا شکار ہوگئے تھے۔ انہوں نے اپنے ذہنی دباؤ کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ وہ اس وقت چیٹ جی پی ٹی سے بھی بار بار اپنے شو کی واپسی کے بارے میں سوال کیا کرتے تھے۔

کامیڈین کے مطابق وہ پوچھتے تھے کہ سمے رائنا اپنا شو دوبارہ کب شروع کر پائے گا؟ جواب میں انہیں یہی بتایا جاتا کہ اس بارے میں فی الحال کچھ کہنا ممکن نہیں۔ وہ اس کے بعد درخواست کرتے کہ کم از کم ہاں کہہ دیا جائے۔ سمے کا کہنا تھا کہ انہیں اندازہ نہیں تھا کہ ان کا شو اتنے شاندار انداز میں دوبارہ شروع ہوگا۔

انہوں نے اپنے مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کبھی تصور بھی نہیں کیا تھا کہ عالیہ بھٹ، ورون دھون، ہما قریشی، کرن اوجلا اور رفتار جیسی معروف شخصیات ان کے پروگرام کا حصہ بنیں گی۔

سمے رائنا نے اپنے گزشتہ دو برسوں کو غیر معمولی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایک وقت ایسا بھی تھا جب انہیں جیل جانے کا خدشہ تھا، لیکن بعد میں ان کا شو عالمی ریکارڈ توڑنے میں کامیاب ہوگیا۔ ان کے مطابق یہ پورا سفر حیران کن اور ناقابلِ یقین رہا۔